پولیس نے بنوں میں آرمی چیف اور سیاستدانوں کے حوالے سے ریفرنڈم کی کوشش ناکام بنادی ‘ مقامی تنظیم کا رہنما گرفتار

پیر 25 جولائی 2016 14:28

بنوں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جولائی ۔2016ء) پولیس نے صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر بنوں میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور دیگر سیاستدانوں کے حوالے سے ریفرنڈم کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مقامی تنظیم کے رہنما محمد اسلم کو گرفتار کرلیا۔ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) قاسم علی خان نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ بنوں پریس کلب کے باہر مذکورہ ریفرنڈم سے متعلق اطلاعات موصول ہونے پر پولیس نے مقامی تنظیم کے بانی محمد اسلم کو گرفتار کیا۔

(جاری ہے)

ریفرنڈم کا آغاز صبح 9 بجے ہوا اور درجنوں لوگوں نے اس حوالے سے اپنا ووٹ بھی کاسٹ کیاڈی پی او کے مطابق پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا، ابتدائی طور پر ملزم محمد اسلم نے بتایا کہ اس ریفرنڈم کا مقصد ملک سے کرپشن کا خاتمہ اور ایک مخلص قیادت کا انتخاب تھا، جو ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے ‘انھوں نے بتایا کہ محمد اسلم سے ایک بیلٹ باکس اور 200 بیلٹ پیپرز بھی برآمد کیے گئے۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی شوکت یوسفزئی نے اس ریفرنڈم کو ریاست کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے باقاعدہ انکوائری ہونی چاہیے ‘شوکت یوسفزئی نے بروقت ایکشن نہ لینے پر پولیس پر بھی شدید تنقید کی۔

متعلقہ عنوان :