راجناتھ کا دورہ کشمیر بے وقت کی راگنی ہے‘یاسین ملک

پیر 25 جولائی 2016 14:12

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جولائی ۔2016ء)مقبوضہ کشمیرمیں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہاہے کہ بھارتی وزیر داخلہ کا کشمیر کادورہ اورکٹھ پتلی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی اسلام آباد اور کپواڑہ جاکر منافقانہ اشک شوئی دنیا اور ہندوستانی عوام کو تو دھوکہ دے سکتے ہیں لیکن اس سے کشمیریوں کی حق پر مبنی تحریک آزادی کو ختم نہیں کیاجاسکتا۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ 50سے زائد نہتے کشمیریوں کے قتل اور ہزاروں کو زخمی کرنے ، کروڑوں لوگوں کو17 روز سے جاری کرفیو کے ذریعے محصور رکھنے ،فون، انٹرنیٹ، اخبارات اور ٹی وی کیبل پر پابندی عائد کرکے کشمیریوں کو دنیا سے الگ تھلگ کردینے کے بعدراجناتھ سنگھ کا دورہ بے معنی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کے قاتل بھارتی حکمرانوں اور انکے مقامی آلہ کاروں کو یاد رکھنا چاہیے کہ انکی دوغلی سیاست زیادہ دیر تک کشمیریوں کو آزادی کے حصول سے دور نہیں رکھ سکتی ہے۔

یاسین ملک نے راجناتھ سنگھ کے دورہ کشمیر کو بے وقت کی راگنی اور دنیا اوربھارتی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش قراردیتے ہوئے کہاکہ بھارتی لیڈر کی کشمیر آمد کے ڈرامے کا ڈراپ سین منہ چھپائے لوگوں کو ایمبولنس گاڑیوں میں بھر بھر کے لانے سے ہوچکاہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پارلیمان اور کشمیر آنے والے بھارتی لیڈر اور انکے دیگر رفقاء نے بارہا مقتول افراد کو ہی مورد الزام ٹھہرایا اور اپنے فوجیوں اورپولیس اہلکاروں کو ہیرو قرار دے کر انہیں کلین چٹ دے دی ہے، اسلئے ان کی کشمیر آمد کا واحد مقصد اپنی فورسز اور سیاسی کٹھ پتلیوں کی پیٹھ تھپتھپانے کے سوا کچھ نہیں ۔

انہوں نے کہاکہ بھارت اور سکے لیڈروں کو معلوم ہے کہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کو یہاں کے ایک ایک بچے کی حمایت حاصل ہے اور یہاں پر احتجاج کا مقصد بھی آزادی کیلئے آواز بلند کرنا ہوتا ہے لیکن اپنے لوگوں اور دنیا کو دھوکہ دینے کی غرض سے بھارتی حکمران ، سیاسی جماعتیں اور میڈیا مسلسل حالت نفی میں رہتے ہیں اور کھلی حقیقت کا انکار کرتے ہوئے خود اپنے ہی جھوٹ سچ ثابت کرنے میں منہمک رہتے ہیں۔

یاسین ملک نے کہا کہ بے شرمی کی حد یہ ہے کہ کٹھ پ تلی وزیر اعلیٰ، جو کشمیر کی نام نہاد وزیر داخلہ بھی ہیں شہیدہونیوالے کشمیریوں کے قتل کی میں براہ راست ذمہ دار ہیں ‘آج مقتولین کے لواحقین کو سرکاری ریسٹ ہاؤس میں لاکرپْرسا دینے میں مصروف ہیں اور منافقانہ اشک شوئی کے ذریعے اپنے گناہوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کا دورہ ہو کہ دوسرے جعلی اقدامات، ان سے کوئی فرق پڑنے والا نہیں ہے کیونکہ کشمیریوں کو مارنے والوں سے انصاف کی کوئی توقع نہیں ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ متحدہ قیادت کے پروگراموں کو مکمل طور پر کامیاب بنائیں اور مزاحمت کو جاری رکھیں۔