سشما سوراج کا بیان اس کا سیاسی دیوالیہ پن ہے‘حریت چیئرمین

پیر 25 جولائی 2016 14:12

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جولائی ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہاہے کہ بھارتی حکمرانوں کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ وہ حقائق کو مسخ کرنے میں اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے بیان کہ پورے کا پورا کشمیر ہمارا ہے کو ان کا سیاسی دیوالیہ پن قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بھارتی وزیر خارجہ کے اس بیان میں ذرہ برابر سچائی ہوتی تووہ خود یا ان کا کوئی کارندہ ان وردی پوش بیساکھیوں کے بغیرکشمیر میں گھوم پھر کر دکھائیں۔ انہوں نے کہاکہ آج بھارت کی مختلف ریاستوں اور پوری دنیا میں ہماری حمایت کی گونج سنائی دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

اگر بھارتی حکمران یہ نوشتہ دیوار پڑھنے کے بجائے اپنی آنکھوں پر پردہ ڈالیں گے اور کشمیر میں جاری بدترین دہشت گردی کی آہ و بِکا سننے کے بجائے اپنے کان بند کرلیں گے تو اس سے حقائق تبدیل نہیں ہوسکتے ہیں اور حقیقت یہ ہے کہ بھارت طاقت کے بل پر ہماری ریاست پر قبضہ جمائے بیٹھے ہیں اور دیرسویر اس کو یہ خطہٴ ارض خالی کرنا پڑے گا۔

حریت چےئرمین نے سشما سوراج کو تاریخ کا ازسرِ نو مطالعہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جس خطے کی وہ بات کررہی ہیں وہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اس کے حق میں درجن بھر قراردادیں موجود ہیں جن پر عالمی برادری سمیت بھارت کے بھی دستخط موجود ہیں۔ اپنے ہی ملک کے سربراہوں کے کئے ہوئے وعدوں کو پاوٴں تلے روندھ کر بھارتی وزیر خارجہ ہمالیہ جتنی بڑی اس حقیقت کا انکار کرکے اپنی فسطائی ذہنیت اور اکھنڈ بھارت کے عزائم کی عکاسی تو کرسکتی ہیں لیکن وہ بہت دیر تک اقوامِ عالم کو فریب دیکر اس تلخ حقیقت سے منہ نہیں موڑ سکتیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کے بات چیت کے جھانسے میں نہ آئے بلکہ اس دیرینہ مسئلہ کے حتمی حل کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے کیونکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان150سے زائد مرتبہ بات چیت ہوئی ہے جس سے اس مسئلے کو سلجھانے کے بجائے اور زیادہ الجھانے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے ان اطلاعات پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا جن کے مطابق بہت سارے پولیس اہلکاروں کو چھٹی دیکر اْن کے اپنے آبائی علاقوں میں بھیج دیا گیا ہے تاکہ وہ وہاں لوگوں میں گھل مل کر احتجاج اور باقی حرکات وسکنات کے بارے میں اپنے اعلیٰ حکام کو رپورٹیں پیش کریں۔

انہوں نے کہاکہ یہ لوگ مقامی نو جوانوں اور آزادی پسند کارکنوں کو قتل کرنے کی دھمکیاں دیتے ہیں اور ان کا قافیہ حیات تنگ کرتے ہیں۔ انہوں نے بھارتی پولیس کی طرف سے شوپیان میں حریت رہنما محمد یوسف فلاحی کو دی گئی دھمکی پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو متنبہ کیا کہ ہم ایسے غدارانِ ملّت کی ایک فہرست تیار کررہے ہیں جو موجودہ تحریک کو سبوتاژ کرنے کی اپنی مذموم حرکتوں سے باز نہیں آرہے ہیں اور عوام پھر ان کے ساتھ جو سلوک کریں گے اس کی تمام تر ذمہ داری ان دشمنانِ قوم پر ہی عائد ہوگی۔

کپواڑہ کے علاقہ کنج میں بھارتی فوج کی طرف سے لگائے گئے میڈیکل کیمپ کے خلاف وہاں کے عوام کے غم وغصہ کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے حریت چےئرمین نے کہا کہ ایک طرف یہ درندہ صفت فوجی ہمیں تہہ تیغ کررہے ہیں اور دوسری طرف عام لوگوں کو گمراہ کرنے کے لیے دوائی کی چند ٹکیاں دیکر ہمارے زخموں پر نمک پاشی کررہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بھارتی فوج یا پولیس کی طرف سے ایسے مذموم حربوں کی ہر سطح پر مزاحمت کی جائے۔

متعلقہ عنوان :