بارہ سال مصری دلہا 10 سالہ دلہن بیاہ لایا

پیر 25 جولائی 2016 13:10

بارہ سال مصری دلہا 10 سالہ دلہن بیاہ لایا

قاہرہ۔ 25 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 جولائی۔2016ء) مصرمیں 12 سال کے بچے کی10 سالہ بچی سے شادی کر دی گئی ۔مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق الدقھلیہ گورنری کے بلقاس شہر میں المعصرہ کے مقام پر یہ منفرد شادی انجام پائی۔ دلہا کے والد سعید عبدالعزیز نے اپنے 12 سالہ بیٹے فارس عزیز کی شادی ایک 10 سالہ بچی نینسی کے ساتھ کرائی۔ ننھے دلہا دلہن کی شادی کی تقریب میں اہل علاقہ اور دوسرے قصبوں کے مردوخواتین کی بھی بڑی تعداد شریک تھی۔

(جاری ہے)

اطلاعات ہیں کہ دلہا کے والد نے اس موقع پرخوب ’نقوط‘ جمع کیے ہیں۔خیال رہے کہ مصر میں ”النقوط“ اس رقم یا تحفے کو کہا جاتا ہے جو شادی کے موقع پر دلہا اور دلہن کو دیے جاتے ہیں۔بعض شہریوں نے کم سن بچوں کی شادی کی تقریب پر ان کے والدین کو کڑی تنقید کا بھی نشانہ بنایا۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ ایک تو ان لوگوں نے بچوں کی شادی کرادی، اس پرمزید یہ کہ شادی کے موقع پر موسیقاروں اور رقاصوں کی بڑی تعداد کو مدعو کرکے اسے ایک عیش و نشاط کی تقریب بنا دیا تھا۔