آزادی کے 69 سال گزرنے کے باوجود ہم ذہنی طور پر آج بھی غلامانہ زندگی بسر کر رہے ہیں ‘ اداکارہ فرزانہ تھیم

پیر 25 جولائی 2016 12:46

آزادی کے 69 سال گزرنے کے باوجود ہم ذہنی طور پر آج بھی غلامانہ زندگی بسر ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جولائی ۔2016ء) سینئر اداکارہ فرزانہ تھیم نے کہا ہے کہ آزادی کے 69 سال گزرنے کے باوجود ہم ذہنی طور پر آج بھی غلامانہ زندگی بسر کر رہے ہیں ، ہم سے بعد آزاد ہونے والا ملک چین دنیا کی بڑی قوت اور ترقی کی علامت بن چکا ہے جبکہ ہم آج بھی اسی جگہ پر کھڑے ہیں جہاں سے ہم نے اپنی آزادی کا سفر شروع کیا تھا ۔

” اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جولائی ۔2016ء“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سڑکوں ، پلوں اور بڑی عمارات کی تعمیر ترقی کی علامت نہیں ہوتی بلکہ عام آدمی کی زندگی میں کتنی خوشحالی اور ترقی آئی ہے اس سے ملک کی ترقی کا پیمانہ معلوم ہوتا ہے ۔ ہماری نوجوان نسل اپنے ملک کے بارے اور اس کی تعمیر و ترقی میں کیا کردار ادا کر رہی ہے یہ بھی ایک سوالیہ نشان ہے ۔

(جاری ہے)

فرزانہ تھیم نے کہا کہ 14اگست 1947ء عالمی دنیا میں ہماری آزادی کا دن ہے مگر اس کو صرف 14اگست تک ہی محدود نہیں رکھنا چاہیے بلکہ ہر روز ہمارے لیے 14اگست ہوتی ہے اور ہم سب کو ایک قوم بن کر ایک عزم کے ساتھ ملک کی ترقی ، سلامتی اور خوشحالی کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ میں حکمرانوں پر بھی زور دیتی ہوں کہ وہ بے شک ترقیاتی کام کا سلسلہ جاری رکھیں مگر اس کے ساتھ عام آدمی کی زندگی میں خوشحالی لانے کے لئے بھی انقلابی قدم اٹھائیں ۔جب عام آدمی خوشحال ہو گا تو ملک خود بخود ترقی کی جانب گامزن ہو گا ۔