بھارتی وزیر داخلہ کشمیریوں کے قتل عام کے بعد اب مگر مچھ کے آنسو بہانے کیلئے مقبوضہ کشمیر پہنچے ہیں،بھارت سرکار پہلے سرکاری سرپرستی میں قتل و غارت گری کرواتی ہے اور پھرکشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کیلئے وہاں کے دورے کئے جاتے ہیں، مودی سرکار کو ایسی مذموم حرکتوں پر شرم آنی چاہیے اور نہتے کشمیریوں کے ظلم و قتل کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، جماعةالدعوة مقبوضہ کشمیر میں غذائی قلت پر قابو پانے کیلئے اپنے کشمیری بھائیوں سے ہر ممکن تعاون کرے گی

امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعیدکا بڑے اجتماع سے خطاب

اتوار 24 جولائی 2016 20:38

شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24جولائی۔2016ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعیدنے کہا ہے کہ ہندوستانی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کشمیریوں کے قتل عام کے بعد اب مگر مچھ کے آنسو بہانے کیلئے مقبوضہ کشمیر پہنچے ہیں۔بھارت سرکار پہلے سرکاری سرپرستی میں قتل و غارت گری کرواتی ہے اور پھرکشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کیلئے وہاں کے دورے کئے جاتے ہیں۔

مودی سرکار کو ایسی مذموم حرکتوں پر شرم آنی چاہیے اور نہتے کشمیریوں کے ظلم و قتل کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ جماعةالدعوة مقبوضہ کشمیر میں غذائی قلت پر قابو پانے کیلئے اپنے کشمیری بھائیوں سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ وہ شیخوپورہ ریلوے اسٹیشن کے قریب گورنمنٹ ہائی سکول کی گراؤنڈ میں ہزاروں افراد کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کشمیری شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ بھی اد اکی گئی۔

تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ان کی امامت میں شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی۔قبل ازیں مولانا سلیم اعظم بلوچ، مولانا بشیر احمد خاکی، حافظ عبدالغفار، ابو معاذ محمد عمران، ابو ہجرت و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ کشمیری قوم سڑکوں پر موجود اور پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے اپنے سینوں پر گولیاں کھا رہی ہے۔

کشمیریوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں آج پاکستانی حکمران بھی کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگارہے ہیں۔تحریک آزادی کو مضبوط ہوتا دیکھ کر بھارتی ایوانوں میں لرزہ طاری ہے۔ ہندوستانی وزراء کی پاکستان کیخلاف الزام تراشیاں اورکشمیر کے دورے کسی کام نہیں آئیں گے۔ مظلوم کشمیری کسی صورت بھارتی فوج کا غاصبانہ قبضہ برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہندوستان نے کشمیری مسلمانوں پر بدترین مظالم کا جو سلسلہ شروع کر رکھا ہے اس میں پچاس سے زیادہ لوگ شہید ہو چکے جبکہ ہزاروں زخمی ہیں۔بھارتی فوج ہسپتالوں میں گھس کر نہتے کشمیریوں کو شہید کر رہی ہے ۔مظلوم کشمیریوں کیخلاف ایسے ہتھیار وں کا استعما ل کیا جارہا ہے جس سے انکی آنکھیں ضائع ہو رہی اور مختلف امراض پھیل رہی ہیں۔

افسوسناک امر یہ ہے کہ آج اس ظلم پر بین الاقوامی دنیا نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی پر ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر پوری قوت سے جاری ہے اورجاری رہے گی۔ ہندوستان طاقت کے بل بوتے پر ان کے دل و دماغ سے جذبہ آزادی کو ختم نہیں کر سکتا۔ آج کشمیر کے گلی کوچوں میں پاکستانی پرچم لہرائے جارہے ہیں۔

حکومت پاکستان کو بھی چاہیے کہ وہ کشمیریوں کے اصل وکیل ہونے کا کردار ادا کرے اور ان کی کھل کر مددوحمایت کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی سے بھارت سرکار شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ جہاں آپ کا خون گرے گاوہاں ہمارا خون گرے گا۔کشمیری و پاکستانی قوم کے درمیان کلمہ طیبہ کے رشتے ہیں انہیں کسی صورت جدا نہیں کیا جاسکتا۔حکومت کو چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں جرأتمندانہ پالیسیاں اختیار کرے اور تجارت، ثقافت اور سفارت کو مسئلہ کشمیر کے حل سے جوڑا جائے۔