کشمیریوں کے مستقبل کافیصلہ بھارتی وزیر خارجہ نے نہیں بلکہ خود کشمیریوں نے کرناہے ،سرتاج عزیز

برہان وانی کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا ،پاکستانی عوام اور حکومت کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت فراہم کرتے رہیں گے،کشمیر کا مسئلہ استصواب رائے سے ہی حل ہو سکتا ہے ‘ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کشمیریوں کو یہ حق دلانے کا وعدہ کر چکی ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ بھارت اقوام متحدہ کی زیر نگرانی مقبوضہ کشمیر میں رائے شماری کروائے اور رائے شماری سے کشمیری عوام جو بھی فیصلہ کریں گے وہ پوری دنیا تسلیم کرے گی،مشیر خارجہ کا بھارتی وزیر خارجہ کے بیان پر رد عمل

اتوار 24 جولائی 2016 20:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24جولائی۔2016ء) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہاہے کہ کشمیریوں کے مستقبل کافیصلہ بھارتی وزیر خارجہ نے نہیں بلکہ خود کشمیریوں نے کرناہے ، کشمیر کا مسئلہ استصواب رائے سے ہی حل ہو سکتا ہے ‘ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کشمیریوں کو یہ حق دلانے کا وعدہ کر چکی ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ بھارت اقوام متحدہ کی زیر نگرانی مقبوضہ کشمیر میں رائے شماری کروائے اور رائے شماری سے کشمیری عوام جو بھی فیصلہ کریں گے وہ پوری دنیا تسلیم کرے گی۔

اتوار کو مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے مستقبل کافیصلہ صرف کشمیری عوام کا حق ہے ،کشمیریوں کے مستقبل کافیصلہ بھارتی وزیرخارجہ نے نہیں بلکہ خودکشمیریوں نے کرناہے۔

(جاری ہے)

انکا کہناتھا کہ برہان وانی کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا ۔پاکستانی عوام اور حکومت کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت فراہم کرتے رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ کشمیری عوام کا حق ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ الحاق کریں یا بھارت کے ساتھ مل جائیں۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ سشما سوراج کہتی ہیں کہ برہان وانی بھارت کیلئے دہشت گرد تھا۔ وانی کے جنازے میں 2 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی ۔ بھارت یہ بات نظر انداز نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہاکہ کرفیو کے باوجود 50 علاقوں سے لوگ وانی کے جنازے میں شریک ہوئے اور اس کی شہاد ت کے بعد 15 روز کرفیو سے مسلسل احتجاج جاری ہے۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ برطانوی راج میں ہندوستانی آزادی پسندوں کو بھی غدار اور دہشت گرد گردانا جاتا تھا۔واضح رہے کہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ کشمیر کبھی پاکستان کا حصہ نہیں بنے گا،سشما سوراج نے اپنے بیان میں کشمیرکوبھارت کی جاگیر قرار دیا۔