پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا شکار کشمیریوں کوعلاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے میڈیکل ٹیمیں بھجوانے کا اعلان کردیا،آج بھارتی ہائی کمشن سے ویزوں کے سلسلہ میں رابطہ کریں گے، پاکستانی ڈاکٹرز کو متاثرہ کشمیری بھائیوں کے علاج معالجہ کیلئے جانے کی اجازت نہ دی گئی تو احتجاج کریں گے،حکومت پاکستان تعاون کرے،ڈاکٹرناصرہمدانی کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 24 جولائی 2016 20:08

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24جولائی۔2016ء) پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم مسلم میڈیکل مشن نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا شکار کشمیریوں کوعلاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے میڈیکل ٹیمیں بھجوانے کا اعلان کردیا۔بھارتی فوج کی طرف سے مہلک ہتھیاروں کے استعمال سے بڑی تعداد میں کشمیریوں کی بینائی چلی گئی ہے۔

متاثرہ کشمیریوں کی آنکھوں کے آپریشنز اور علاج معالجہ کی دیگر سہولیات فراہم کرنے کیلئے ڈاکٹروں کی تنظیم نے حکومت پاکستان سے میڈیکل ٹیمیں کشمیر بھجوانے کیلئے تعاون کا مطالبہ کیا ہے۔آئی این پی سے بات کرتے ہوئے مسلم میڈیکل مشن کے چیف کوارڈینٹر ڈاکٹرناصر ہمدانی نے کہا کہ ہمارے پاس 30کے قریب آئی سپیشلسٹ کی ٹیم کشمیری بھائیوں کے علاج ومعالجے کیلئے مقبوضہ کشمیرجانے کیلئے تیار ہے۔

(جاری ہے)

انہیں مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دی جائے وہ مریضوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کر سکتے ہیں اور پیلٹ گن کے زخمیوں کا بہتر علاج کر سکتے ہیں۔ڈاکٹرناصر ہمدانی نے کہا کہ مسلم میڈیکل مشن کے ڈاکٹرز کی جانب سے آج سوموار کو بھارتی ہائی کمشن سے ویزوں کے سلسلہ میں رابطہ کیا جائے گا۔ پاکستانی ڈاکٹرز کو متاثرہ کشمیری بھائیوں کے علاج معالجہ کیلئے جانے کی اجازت نہ دی گئی تو احتجاج کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ڈاکٹرز کی تین رکنی ٹیم مریضوں کا علاج کئے بغیر ہی سری نگر سے واپس چلی گئی۔ حکومت پاکستان ڈاکٹرز کی ٹیمیں کشمیر بھجوانے کیلئے ان کے ساتھ تعاون کرے،پاکستان کے ڈاکٹرز کو اللہ تعالیٰ نے بہت صلاحیتوں سے نواز رکھا ہے۔ کشمیریوں کی بے بسی اور موجودہ حالات دیکھ کر مسلم میڈیکل مشن کے ڈاکٹرز نے فیصلہ کیا ہے کہ اپنے کشمیریوں بھائیوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔پاکستان کے نامور آئی سرجن حضرات اور دیگر امراض کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز مقبوضہ کشمیر میں مہلک ہتھیاروں سے متاثرہ کشمیریوں کی آنکھوں کے آپریشنز اور علاج معالجہ کی دیگر سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر لمحہ وہاں جانے کیلئے تیار ہیں۔