آزاد کشمیر کے الیکشن صاف اور شفاف نہیں ہوئے ہمیں اس پر شدید تحفظات ہیں ‘ پیپلز پارٹی

پنجا ب میں دودھ کی نہریں نہیں بہہ رہیں وہ جرائم کی آماج گاہ بن چکا ہے،وہاں پررینجرز کیوں نہیں آتی، چوہدری نثار علی خان بینرز لگوا کر نواز شریف کی چھٹی کرانا چاہتے ہیں تاکہ وہ خود وزیر اعظم بن سکیں، رینجرز کی حدود و قیود کا مسئلہ حل ہو جائیگا،شریف خاندان نے سنگین جرائم کا ارتکاب کیا ہے، قانون کا اطلاق ہمارا حق ہے ہم نیب سے رجوع کریں گے، نواز شریف کی جانب سے انکم ٹیکس گوشواروں میں غلط بیانی کی گئی ہے،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم انتہاء ہے پاکستانی حکومت اس پر خاموش ہے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹرلطیف کھوسہ کی پریس کانفرنس

اتوار 24 جولائی 2016 20:06

آزاد کشمیر کے الیکشن صاف اور شفاف نہیں ہوئے ہمیں اس پر شدید تحفظات ہیں ..

دوبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24جولائی۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹرلطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے الیکشن صاف اور شفاف نہیں ہوئے ہمیں اس پر شدید تحفظات ہیں ‘ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم انتہاء ہے اور پاکستانی حکومت اس پر خاموش ہے،پنجا ب میں دودھ کی نہریں نہیں بہہ رہیں وہ جرائم کی آماج گاہ بن چکا ہے۔

وہاں پررینجرز کیوں نہیں آتی‘ پاکستان میں 2 ماہ تک کوئی وزیر اعظم نہیں تھا ۔ وہ اتوار کو دوبئی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے دوبئی طلب کیا ہے۔ آزاد کشمیر میں انتخابات شفاف اور منصفانہ نہیں ہوئے۔ لطیف کھوسہ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج معصوم کشمیریوں پر ظلم کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کا ہر بچہ کشمیریوں کے ساتھ ہے اور کشمیر ہماری شہ رگ ہے۔

وہاں کے لوگوں کو گھروں سے نکلنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو گھروں میں محصور کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ (ن) لیگ کا طرہ امتیاز بن چکا ہے کہ وہ شفاف الیکشن نہیں ہونے دیتی۔ پنجاب میں دودھ کی نہریں نہیں بہہ رہیں وہ جرائم کی آماج گاہ بن چکا ہے۔ وہاں پررینجرز کیوں نہیں آتی۔ سینیٹر لطیف کھوسہ نے کہا کہ پاکستان میں 2 ماہ تک کوئی وزیر اعظم نہیں تھا۔

پاکستان بنا وزیر اعظم کے چلایا گیا ہے۔ پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اور جنرل راحیل شریف بہترین سپہ سالار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار علی خان بینرز لگوا کر نواز شریف کی چھٹی کرانا چاہتے ہیں تاکہ وہ خود وزیر اعظم بن سکیں۔ ان کی ہمیشہ سے وزیر اعظم کی کرسی پر نظر رہی ہے۔ لطیف کھوسہ نے کہاکہ رینجرز کی حدود و قیود کا مسئلہ آج حل ہو جائیگا۔

رینجرز کو پہلے بھی اختیارات دئیے تھے۔ رینجرز اور پولیس نے مل کر کراچی میں امن قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی خود مختاری میں وزیر داخلہ مداخلت نہیں کر سکتے۔ چوہدری نثار صبر کریں ہمیں بار بار دھمکیاں نہ دیا کریں۔ لطیف کھوسہ نے کہاکہ شریف خاندان نے سنگین جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ قانون کا اطلاق ہمارا حق ہے ہم نیب سے رجوع کریں گے۔

شہباز شریف نے 6 ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ میثاق جمہوریت کا مطلب لوٹ مار کا ساتھ دینا نہیں ہے۔ سینیٹر لطیف کھوسہ نے کہاکہ پانامہ لیکس پر نواز شریف اور ان کے خاندان کیخلاف ریفرنس دائر کیا۔ پانامہ پیپرز سامنے آنے کے بعد ہمارے حکمران نااہل ہو گئے ہیں۔ نواز شریف کی جانب سے انکم ٹیکس گوشواروں میں غلط بیانی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں امن لانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ پورے پاکستان میں رینجرز آپریشن ہونا چاہیے۔ وزیر قانون پنجاب پر 22 قتل کا الزام ہے۔