سعودی فورسز نے حوثیوں کا چلایا بیلسٹک میزائل مار گرایا،ایک بچہ زخمی

یمن کے صوبہ ابین میں القاعدہ کے اجتماع پراتحادی طیاروں کے دوفضائی حملے،29 جنگجو ہلاک ہوگئے

اتوار 24 جولائی 2016 14:10

سعودی فورسز نے حوثیوں کا چلایا بیلسٹک میزائل مار گرایا،ایک بچہ زخمی

ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 جولائی- 2016ء) سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے یمن کی جانب سے فائر کیا گیا ایک بیلسٹک میزائل سرحدی علاقے میں تباہ کردیا ۔ادھریمن کے صوبہ ابین میں القاعدہ کے اجتماع پراتحادی طیاروں کے دوفضائی حملے،29 جنگجو ہلاک ہوگئے،سکیورٹی ذرائع نے عرب ٹی وی کو بتایاکہ میزائل حوثی باغیوں نے چلایا تھا اور اس کو سرحدی صوبے نجران کی فضائی حدود میں ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔

درایں اثناء نامعلوم ذرائع نے ایک اور سرحدی صوبے جازان میں سعودی شہری دفاع کو بتایا ہے کہ یمنی علاقے کی جانب سے فائر کیے گئے میزائل ایک شہری کے مکان پر گرے ہیں جس سے ایک بچہ زخمی ہوگیا ہے۔ادھر یمن کے جنوبی علاقے میں سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے القاعدہ کے ٹھکانوں پر حملے کیے جس کے نتیجے میں 29جنگجو ہلاک ہوگئے ۔

(جاری ہے)

عسکری ذرائع نے بتایا کہ صوبے ابین کے قصبے جعار کے نواح میں القاعدہ کے جنگجووٴں کے ایک اجتماع پر دو فضائی حملے کیے گئے ،یہ حملے عدن میں عسکری حکام کے متعدد اجلاسوں کے بعد کیے گئے ہیں۔

ان اجلاسوں میں ابین میں القاعدہ کے جنگجووٴں کے خلاف منظم انداز میں کارروائیوں پر غور کیا گیا ہے۔صدر عبد ربہ منصورہادی کی وفادار فورسز نے مارچ میں عرب اتحاد کی مدد سے جنوبی صوبوں میں القاعدہ کے خلاف ایک بڑی کارروائی کا آغاز کیا تھا اور انھوں نے متعدد شہروں پر دوبارہ قبضہ کر لیا ہے لیکن انھیں ابین کے دارالحکومت زنجبار سے القاعدہ کے جنگجووٴں کے حملے کے بعد پسپا ہونا پڑا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق القاعدہ کے جنگجووٴں نے اپنے خلاف ایک نئی بڑی کارروائی کے پیش نظر ابین کو عدن سے ملانے والی شاہراہ پر بارودی سرنگیں بچھا دی ہیں-

متعلقہ عنوان :