مشکوک سرگرمیوں پربھارت کا چینی صحافیوں کو ملک چھوڑنے کا حکم

چین بھی بدلے کے طور پر بھارتی صحافیوں کو ملک بدر کرسکتا ہے،تجزیہ کار

اتوار 24 جولائی 2016 12:01

مشکوک سرگرمیوں پربھارت کا چینی صحافیوں کو ملک چھوڑنے کا حکم

نئی دہلی/ بیجنگ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 جولائی- 2016ء) بھارت نے مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا کے تین صحافیوں کو ملک سے نکل جانے کا حکم دے دیا اور ان کے ویزے کی تجدید سے انکار کردیا۔بھارتی اخبار کے مطابق جن تین صحافیوں کو 31 جولائی تک بھارت سے نکل جانے کا حکم دیا گیا ہے ان میں شنہوا کے نئی دہلی اور ممبئی کے بیورو چیفس وو شیانگ اور لو تانگ بھی شامل ہیں جبکہ تیسرا صحافی شنہوا کے لیے رپورٹنگ کرتا ہے اور وہ ممبئی میں موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان تینوں صحافیوں کو ملک سے نکالنے کے حوالے سے حکومت نے کوئی وجہ نہیں بتائی تاہم ذرائع کا کہنا تھا کہ مبینہ طور پر یہ صحافی ماورائے صحافت سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے سیکیورٹی ایجنسیوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا تھا کہ تین صحافیوں کو نکالنے کا مطلب یہ نہیں کہ بھارت میں شنہوا کے صحافیوں کا خیر مقدم نہیں کیا جائے گا، نیوز ایجنسی ان تین صحافیوں کی جگہ دوسرے جرنلسٹس کوبھارت بھیج سکتی ہے، ایسا نہیں ہے کہ شنہوا کو بھارت میں اپنا نیوز آپریشن بند کرنا ہوگا۔

اخبار کے مطابق اس حوالے سے شنہوا سے رابطہ کرکے موقف جاننے کی کوشش کی گئی لیکن رابطہ ممکن نہ ہوسکا۔ تجزیہ کاروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ چین بھی بدلے کے طور پر ہندوستانی صحافیوں کو ملک بدر کرسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :