گورنر پنجاب ملک محمدرفیق رجوانہ سے اسلام آباد میں چیئرمین پریس کونسل ڈاکٹر صلاح الدین مینگل کی ملاقات

ہفتہ 23 جولائی 2016 22:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 جولائی ۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمدرفیق رجوانہ سے اسلام آباد میں چیرمین پریس کونسل آف پاکستان ڈاکٹر صلاح الدین مینگل نے ملاقات کی - انہوں نے گورنر کو پریس کونسل آف پاکستان کی مجموعی کارکردگی اور ذرائع ابلاغ کے فروغ اور بہتری کے حوالے سے ادارے کے رول سے متعلق آگاہ کیا- گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت میڈیا کی آزادی پر مکمل یقین رکھتی ہے اور اس امر کی خواہاں ہے کہ ملک میں پرنٹ اور الیکٹرنک میڈیا ایک صحت مند اور مثبت ماحول میں مذید فروغ پائے- انہوں نے کہا کہ مثبت تنقید ہمیشہ رہنمائی کا ذریعہ بنتی ہے اور اس سے حکومت، ادارے اور معاشرہ ترقی اور بہتری کی طرف آگئے بڑھتا ہے - ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ پریس کونسل آف پاکستان کا اہم اور مثبت کردار ہے اور اس ادارے کا مقصد صحافت کے صحت مند اور مثبت رحجانات کے فروغ میں معاونت کرنا ہے- انہوں نے کہا کہ میڈیا کی آزادی او ر ترقی کے بغیر کسی قوم و ملک کی بہبود اور خوشحالی ممکن نہیں اور یہ امر خوش آئند ہے کہ پاکستان کا پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا صحافت کے صحت مند رحجانات کے لئے خود بھی سرگرم عمل ہے-