آفتاب شیرپاؤکا پختونوں کو مبینہ حراساں اور بلا وجہ تنگ کر نے پر اظہار برہمی

اس سے پختونوں کی مایوسی میں مزید اضافہ ہوگا،قومی وطن پارٹی کے چیئرمین کا بیان

ہفتہ 23 جولائی 2016 22:31

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 جولائی ۔2016ء ) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤنے پولیس اور دوسرے قانون نافذ کر نے والے اداروں کی طرف سے پختونوں کو بے جاحراساں کر نے اور انھیں بلا وجہ تنگ کر نے پر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کر تے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پختونوں کی مایوسی میں مزید اضافہ ہوگا ۔ انھوں نے یہ بات ہفتہ کے روز وطن کورپشاور میں صوبہ بھر سے آئے ہوئے پارٹی کے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کہی۔

آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ اس قسم کے اقدامات سے گریز کر نا چاہئے کیونکہ پختون خطہ جو پہلے سے کافی مشکلات کا شکار ہے مزید اس قسم کے منفی ہتھگنڈوں کا متحمل نہیں ہوسکتا۔انہوں نے نادرا حکام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پختونوں کے جتنے بھی شناختی کارڈ بلاک گئے گئے ہیں ان کے فوری اجراء کا بندوبست کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفود کے اراکین سے تفصیلی بات چیت کی ، ان کے مسائل سنے اور مسائل کے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کے حقوق اور خطے میں امن کے قیام کیلئے کوشاں ہے اور یہ واحد جماعت ہے جو عملی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور پارٹی قیادت کے قول و فعل میں کوئی تضاد نہیں ہے پارٹی پختونوں کی بہبود اور ترقی کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھارہی ہے اور اس سلسلے میں پارٹی کی جدوجہد کسی سے پوشیدہ نہیں۔انھوں نے صوبہ میں جاری بجلی کی لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا صوبہ سستی اور ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کر رہا ہے لیکن اس کے باوجودطویل لوڈشیڈنگ کاشکار ہے اورکاروبار زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔انھوں نے لوڈشیڈنگ میں کمی کا مطالبہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :