سندھ کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کا امکان

دبئی اجلاس میں سندھ کے وزیرداخلہ اوروزیرخوراک سمیت 5 سے 6 وزراء کے قلمدان تبدیل کئے جانے کابینہ میں کئی نئی چہروں کو سامنے لائے جانے کاامکان

ہفتہ 23 جولائی 2016 22:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جولائی ۔2016ء) سندھ کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے دبئی ہونے مشاورتی اجلاس میں سندھ کے وزیرداخلہ اوروزیرخوراک سمیت 5 سے 6 وزراء کے قلمدان تبدیل کئے جانے کابینہ میں کئی نئی چہروں کو سامنے لائے جانے کاامکان ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ سہیل انور سیال سے وزارت داخلہ کا قلمدان واپس لے کر سینئر وزیر تعلیم سندھ نثار احمد کھوڑو کو یہ ذمہ داری دی جاسکتی ہے ۔

اسی طرح صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن گیان چند اسرانی جن کے پاس اس وقت کئی اور بھی وزارتیں ہیں ان پر وزارتوں کا بوجھ کم کرکے نئے لوگوں کو وزیر بنائے جانے کا امکان ہے۔ وزیر بے محکمہ میر ہزار خان بجارانی کو پارٹی قیادت بہت ان کی سینارٹی اور پارٹی کے لئے خدمات کے پیش نظر انہیں کوئی بہتر وزارت دینے کی خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خوراک سید ناصر حسین شاہ کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ ان کی وزارت بھی تبدیل کی جارہی ہے جبکہ دوبئی اجلاس کے نتیجے میں ، میر نادر مگسی ،ضیاالحسن لنجاراوردادو سے کچھ عرصے قبل ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے والے عبدالعزیز جونیجو کو سندھ کابینہ میں شامل کئے جانے کی توقع ہے جبکہ اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے ایک اور رکن سندھ اسمبلی خورشید جونیجو کا نام بھی لیا جارہا ہے کہ ممکن ہے ان کی قسمت کا ستارہ بھی چمک جائے اور وہ وزیر بن جائیں۔

زرائع کا کہنا ہے کہ جن صوبائی وزراء کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں رہی ہے انہیں موجودہ ذمہ داریوں سے سبکدوش بھی کیا جاسکتا ہے ۔زرائع نے سندھ میں وزیر اعلیٰ کی تبدیلی کے امکانات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ سید قائم علی شاہ اپنے تجربے اور تحمل مزاجی کے باعث اب تک اہم حلقوں اور پیپلز پارٹی کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتے رہے ہیں اور تمام متعلقہ حلقوں میں بڑے احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ سندھ کے مخصوص سیاسی اور انتظامی ماحول میں پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے لئے یہ بہت مشکل فیصلہ ہوگا کہ وہ اس مرحلے پر وزیر اعلیٰ کو تبدیل کرے۔

متعلقہ عنوان :