وزیراعلیٰ نے کالاشاہ کاکو میں گاڑیوں کی چیکنگ اور سرٹیفکیشن کے پہلے جدید ترین نظام وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم کا افتتاح کردیا

سویڈن کے ادارے اوپس انسپکشن کے تعاون سے سفر کرنے والوں کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے جدید نظام متعارف کرایا گیا ہے‘کالاشاہ کاکو سے شروع کئے گئے جدید نظام کا دائرہ پورے پنجاب تک پھیلایا جائے گا‘دھرنے دینے والے ایک بار پھر بلوں سے باہر نکل آئے ہیں،قوم ایسے عناصر کا راستہ روکے گی‘قوم دھرنا دینے والوں کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہو جائے گی اور کسی کو قوم قسمت کھوٹا نہیں کرنے دے گی وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا کالاشاہ کاکو میں وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 23 جولائی 2016 21:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 جولائی ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے آج شیخوپورہ کے علاقے کالاشاہ کاکومیں پاکستان میں گاڑیوں کی چیکنگ اور سرٹیفکیشن کے پہلے جدید ترین نظام وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم(VICS) کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے نئے نظام کے افتتاح کے بعد کالاشاہ کاکو میں سٹیشن کا دورہ کیا اور گاڑیوں کی انسپکشن اور سرٹیفکیشن کے نظام اور گاڑیوں کی انسپکشن اور سرٹیفکیشن کے تمام مراحل کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کو گاڑیوں کی انسپکشن اور سرٹیفکیشن کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن کے معروف بین الاقوامی ادارے اوپس(OPUS) کے تعاون سے سڑکوں پر سفر کرنے والوں کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے یہ جدید ترین نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس نظام سے انسانی زندگیاں محفوظ ہوں گی اور اس کا دائرہ کار پورے پنجاب تک بڑھایا جائے گا۔

اس نظام سے گاڑیوں کی چوری کے واقعات میں بھی کمی آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے بعدازاں وہیکل انسپکشن اینڈسرٹیفکیشن سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے ایک بہت بڑا پروگرام شروع کیا ہے جس کا آغاز آج شیخوپورہ کے علاقے کالاشاہ کاکو سے کیا جا رہا ہے۔ 2017ء کے اختتام تک پنجاب میں مجموعی طور پر 39 وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم کے تحت سٹیشن قائم کئے جائیں گے جبکہ لاہور میں اس ضمن میں 3 سنٹرز قائم کئے جائیں گے اور اس بڑے پروگرام کا دائرہ کارپورے پنجاب تک پھیلا دیا جائے گا۔

انہو ں نے کہا کہ یہ بہت بڑا پروگرام اس لئے نہیں کہ اس پر بہت لاگت آئی ہے یا اس کا سائز بڑا ہے بلکہ یہ اس لئے شاندار پروگرام ہے کہ اس کے ذریعے سڑکوں پر سفر کرنے والوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے گا۔ وزیراعلیٰ نے پروگرام کو مکمل کرنے کے حوالے سے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ، چیف سیکرٹری، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور اوپس کمپنی کے حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جس پر ایک ارب روپے لاگت آئے گی اور اس کا مقصد صرف اور صرف عام آدمی اور مسافروں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے۔

انہو ں نے کہا کہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ بوسیدہ اور دھواں چھوڑتی گاڑیاں انسانو ں کی زندگیوں سے کھیل رہی ہیں۔ اس نئے نظام سے پرانا سسٹم یکسر بدل جائے گا۔ محض خراب گاڑیوں اور بریکوں کے باعث مسافروں کی زندگیوں کا چلے جانا بہت بڑی ناانصافی اور ظلم و زیادتی ہے۔ اس نئے نظام میں جو ٹرانسپورٹرز اور گاڑیاں چلانے والے رضاکارانہ تعاون کریں گے ہم انہیں سر آنکھوں پربٹھائیں گے جبکہ تعاون نہ کرنے والے تھانوں اور جیلوں میں جائیں گے۔

بے گناہ اور معصوم انسانی جانو ں کے ضیاع کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ کالاشاہ کاکو میں وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم کے تحت بنایا جانے والا سنٹر مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ ہے اور یہاں گاڑیو ں کی چکنگ کیلئے جدید آلات لگائے گئے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی سربراہی اور رہنمائی میں یہ تمام شاندار اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

اس کے ساتھ ہم نے ٹریفک نظام کو بھی بہتر بنانا ہے۔ میں نے خود دیکھا ہے کہ ٹریفک کا عملہ سڑکوں پر بے پرواہ ہو کر موبائل فونز پر مصروف رہتا ہے اور ٹریفک نظام کو رواں دواں رکھنے پر توجہ نہیں دی جاتی۔ میں انسپکٹر جنرل پولیس کو مخاطب ہو کر کہتا ہوں کہ وہ پنجاب کے ٹریفک نظام کو درست کرنے کیلئے فوری طور پر اقدامات کریں، اب مزید مہلت نہیں دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کون نہیں جانتا کہ اس ملک میں جعلی ڈرائیونگ لائسنس نہیں بنتے اور جعلسازی سے لائسنس حاصل کرنے والے بھی بے احتیاطی کے ساتھ گاڑیاں چلا کر حادثات کا موجب بنتے ہیں۔ اب پنجاب حکومت نے ڈرائیونگ لائسنسنگ کے نظام کو درست کرنے کیلئے ڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے جو وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم کی طرز پر کام کرے گی۔

انہو ں نے کہا کہ ہمیں ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض کا احساس کرنا چاہیئے اور ان کی ادائیگی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ ڈرائیوسنگ لائسنسنگ کے نظام میں کرپشن اور رشوت عام ہے اور ملی بھگت کے تحت جعلی ڈرائیونگ لائسنس جاری ہوتے ہیں لیکن نئے سسٹم کے تحت تمام نظام کو آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے جس سے ڈرائیونگ لائسنسنگ کے نظام میں بہتری آئے گی۔

وزیراعلیٰ نے جدید نظام کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس اس منصوبے کا مذاق اڑایا جاتا تھا لیکن آج ساہیوال میں ایک دنیا آباد ہے۔ 1320 میگاواٹ کے اس پاور پراجیکٹ نے دسمبر 2017 تک مکمل ہونا تھا لیکن اب یہ جون 2017 میں مکمل ہوگا۔ یہ اﷲ تعالیٰ کی کمال مہربانی اورمنصوبے پر کام کرنے والوں کی محنت کا ثمر ہے۔

پاکستان کی تاریخ میں دیکھتی آنکھوں نے آج تک بجلی کے اتنے بڑے منصوبے کواتنی کم مدت میں مکمل ہوتے نہیں دیکھا۔ اسی طرح پورٹ قاسم کول پاور پلانٹ پر بھی تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے منصوبے مکمل ہونے سے اگلے برس وافر بجلی میسر ہوگی اورملک کے اندھیرے چھٹ جائیں گے۔انہو ں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کی ترقی اور خوشحالی کا سفرشروع ہو چکا ہے تو دھرنے دینے والے ایک بار پھر بلوں سے باہر نکل آئے ہیں اور خدانخوانستہ قوم کی قسمت کھوٹا کرنے کے درپے ہیں۔

آزاد کشمیر کے الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کے بعد دھرنے والے ہوش کے ناخن لیں اور صبر کریں۔ 2018ء کے الیکشن زیادہ دور نہیں، تب عوام کے ووٹ کے ذریعے فیصلہ ہو جائے گا لیکن ان سیاسی عناصر کو ابھی سے جان کے لالے کیوں پڑ گئے ہیں اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کو ایک بار پھر دھرنے کی نذر کیوں کرنا چاہتے ہیں لیکن پاکستانی قوم یہ ظلم اور زیادتی نہیں ہونے دیں گے اور دھرنا دینے والوں کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوں گے۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے منصوبے کی افادیت کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے تحت اوپس کمپنی مجموعی طورپر39سینٹرز قائم کرے گی۔کالاشاہ کاکو اورگرین ٹاؤن لاہور میں 2سینٹرز مکمل ہوچکے ہیں ۔چیئرمین اوپس گروپ کارل میگنس گریکو(Mr. Carl Magnusgreko) نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کمپنی روڈ سیفٹی کے حوالے سے دنیا بھر میں کام کررہی ہے اورجب میں 2013میں پہلی مرتبہ پنجاب آیاتو یہاں کے روڈ انفراسٹرکچر سے بہت متاثرہوا۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں میٹروبس سسٹم بھی شاندار کام کررہا ہے تاہم انفراسٹرکچر کے تحت روڈ سیفٹی کے حوالے سے اقدامات بھی ضروری ہیں اور ہماری کمپنی پنجاب حکومت کے ساتھ ملکر اس پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھائے گی۔سویڈن کی سفیرانگریڈ جوہانسن (Ms.Ingrid Johansson)نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ روڈ سیفٹی کے اہم شعبہ میں کام کرکے بہت خوشی ہوئی ہے اوریہ پروگرام انسانی زندگیوں کے تحفظ میں اہم کردارادا کرے گا۔سویڈن کی حکومت پاکستان کے ساتھ تجارت اورمعاشی تعلقات کو مزید فروغ دے گی۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین ،صوبائی وزیررانا ثناء اﷲ ، چیف سیکرٹری،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، اوپس گروپ کے اعلی حکام اورلوگوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :