راولپنڈی ‘یوم ڈینگی کے سلسلے میں محکمہ سوشل ویلفیئر صنعت زارکے زیر اہتمام سمینار ‘خصوصی واک کا انعقاد

ہفتہ 23 جولائی 2016 21:24

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 جولائی ۔2016ء ) و ز یر اعلیٰ پنجا ب محمد شہبا ز شر یف کی خصو صی ہد ا یت پر آ ج صو بے بھر میں یوم ڈینگی منا نے کے سلسلے میں محکمہ سوشل ویلفیئر ، صنعت زار ،شمس آباد ، راولپنڈی کے زیر اہتمام سمینار اور خصوصی واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک کی قیا دت اراکین صوبائی اسمبلی پنجاب راجہ حنیف ایڈووکیٹ، لبنی ریحان ، تحسین فواد اور زیب النساء اعوان نے کی۔

ای ڈی او سوشل ویلفیئر محمد اسلم میتلا ، منیجر صنعت زار محمد وسیم، محکمہ صحت ، ایجوکیشن ،این جی اوزکے نمائندوں کے علاوہ خواتین کی کثیر تعداد نے سمینار اورواک میں شرکت کی۔راجہ حنیف ایڈووکیٹ ایم پی اے نے سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی شہرصفائی، ترقیاتی کاموں اور جدید ٹرانسپورٹ کے حوالے سے پنجاب میں پہلے نمبر پر ہے ،لیکن یہ لمحہ فکریہ ہے کہ راولپنڈی میں سب سے زیادہ لوگ ڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صرف ڈینگی کے سد باب سے متعلق لٹریچر پڑھ کر اور لوگوں میں پمفلٹ تقسیم کر کے ڈینگی پر قابو نہیں پایا جا سکتا ، بلکہ اس کے لئے ہمیں عملی طور پر اقدامات کر ناہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ برسات میں ڈینگی کی افزائش کاخدشہ زیادہ ہوتا ہے کیونکہ بارش کا پانی کئی جگہوں پر کھڑ ا ہو جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ او ر اس کے خاتمہ کے لئے ضروری ہے کہ اپنے گھروں اور ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔

گھروں میں کاٹھ کباڑ جمع نہ ہونے دیں ۔گھروں کے علاوہ باہر گلی میں اور دیگر جگہوں پر پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حفاظتی تدابیر پر خود بھی باقاعدگی سے عمل درآمد کریں اور دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دی جائے تاکہ خود اور دوسروں کو بھی ڈینگی سے بچایا جا سکے۔ایم پی ایز لبنی ریحان، تحسین فواد اور زیب النساء اعوان نے سمینار سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ہمیں ڈینگی سے ڈرنے کی بجائے حفاظتی تدابیر اپنا کر اس کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کل آبادی کا 52فیصد حصہ خواتین پر مشتمل ہے اور خواتین گھروں کی صفائی ستھرائی میں کمال مہارت رکھنے کے باعث ڈینگی کے سد باب کے لئے اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین ڈینگی سے بچاؤ کے لئے حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کرتے ہوئے گھروں کی صفائی کو مزید بہتر بنائیں ۔ پانی کے تمام برتن ڈھانپ کر رکھیں ، روم کولر کا پانی ہفتے میں دوبار صاف کر کے تبدیل کریں اور اسی طرح فریج اور اے سی پانی روزانہ کی بنیاد پر صاف کریں ۔

انہوں نے کہا کہ ان چند حفاظتی تدابیر پر عمل کرنے سے ہم ڈینگی سے چھٹکارا حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ماحول کو بھی آلودہ ہونے سے بچا سکتے ہیں۔سمینار کے اختتام پر ڈینگی سے متعلق شعور و آگاہی واک منعقد ہوئی ۔واک کے شرکاء نے ڈینگی سے متعلق حفاظتی تدابیر پر مشتمل بینر ز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔یہ واک محکمہ سوشل ویلفیئر ،صنعت زار کمپلکس سے شروع ہوئی اور مری روڈ پر اس کا اختتام ہوا ۔

متعلقہ عنوان :