بلاول بھٹو زرداری کی کابل خودکش دھماکوں کی مذمت ، انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

ہفتہ 23 جولائی 2016 20:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 جولائی ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں مظاہرے میں ہونے والے خودکش دھماکوں پر انتہائی افسوس اور صدمے کا اظہار کیا ہے، ان دھماکوں میں درجنوں افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو اپنے مذمتی بیان میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ دہشتگردی پوری دنیا میں امن کے لیے خطرہ بن رہی ہے، تمام اختلافات ایک طرف رکھ کر اس عفریت کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ دہشتگردی ایک عالمی خطرہ ہے، عالمی برادری کو اس کے خلاف متفقہ طور میدان میں اترنا چاہیے،بلاول بھٹو زرداری نے افغان قوم، خصوصاً حملوں کے متاثرین کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے،اور ان کے لیے دعا کی ہے۔