میں نے بازو پکڑے ، کزن نے گلہ دبایا ‘ ماڈل گرل قندیل بلوچ قتل کیس کے مرکزی ملزم وسیم نے بیان بدل دیا

بیرون ملک مقیم بھائی نے فون کر کے طعنہ دیا اور کہا لوگ ویڈیوز دکھا دکھا کر بہت تنگ کر رہے ہیں،اسے مار دو ‘ ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ کے دوران اقبال بیان

ہفتہ 23 جولائی 2016 20:05

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جولائی ۔2016ء ) ماڈل گرل قندیل بلوچ قتل کیس کے مرکزی ملزم وسیم نے بیان بدلتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے کزن کے ساتھ مل کر قتل کیا ،جسکے بعد پولیس نے ملزم کی گرفتاری کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق ماڈل گرل قندیل بلوچ کے قتل کے ملزم بھائی وسیم نے پولی گرافک ٹیسٹ کے دوران انکشاف کیا ہے کہ اس نے اپنے کزن کے ساتھ مل کر قتل کیا۔

ملزم وسیم نے پولی گرافک ٹیسٹ کے دوران اقبالی بیان ریکارڈ کرایا جس دوران اس نے انکشاف کیا کہ قندیل بلوچ کی متنازعہ ویڈیوز منظرعام پر آنے کے بعد بیرون ملک مقیم بھائی نے فون کر کے طعنہ دیا اور کہا کہ اسے مار دو کیونکہ یہاں لوگ اس کی ویڈیوز دکھا دکھا کر بہت تنگ کر رہے ہیں۔ملزم وسیم نے اعتراف کیا کہ اس نے قندیل بلوچ کو نیند کی گولیاں دیں جس کے بعد اس نے قندیل بلوچ کے بازو پکڑے جبکہ اس کے ساتھ موجود اس کے کزن حق نواز نے گلہ دبا کر قتل کر دیا۔

(جاری ہے)

اقبالی بیان ریکارڈ کرنے کے بعد پولیس نے کزن کو گرفتار کرنے کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔اس سے قبل ملزم وسیم نے ریکارڈ کرائے گئے بیان میں کہا تھا کہ اس نے یہ قتل اکیلے کیا ہے اور کوئی بھی اس کے ساتھ شامل نہیں تھا تاہم اب دئیے گئے بیان میں اس نے حق نواز نامی کزن کے ساتھ مل کر قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :