سیلاب ’’ بوٹوں‘‘ سے نہیں رکتا، شہباز شریف حفاظتی اقدامات اٹھائے جائیں، میاں محمود الر شیدکا نشیبی علاقوں کے دورے کا اعلان

پی ٹی آئی کی مقامی تنظیمیں معاونت کرینگی، کارکن ریلیف کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، حفاظتی انتظامات کی بجائے خود ساختہ خادم اعلیٰ لمبے بوٹ پہن کر فوٹو شوٹ کرانے کی تیاریاں کر رہے ہیں‘ قائد حزب اختلاف پنجاب کاپبلک سیکرٹریٹ میں وفود سے گفتگو

ہفتہ 23 جولائی 2016 19:57

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جولائی ۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے منگل سے پنجاب کے نشیبی علاقوں کے دورے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب ’’ بوٹوں‘‘ سے نہیں رکتا، شہبار شریف حفاظتی اقدامات اٹھائے جائیں، حکومت نے ماضی کی روایت برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں کئے، حفاظتی انتظامات کی بجائے خود ساختہ خادم اعلیٰ لمبے بوٹ پہن کر فوٹو شوٹ کرانے کی تیاریاں مکمل کر چکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب پبلک سیکرٹریٹ لاہور میں سیالکوٹ، وہاڑی، ملتان اور لیہ سے تعلق رکھنے والے وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا، وفود میں ڈاکٹر عاصم، اعجاز خان، خادم شفیق ایڈوکیٹ، اظہر قریشی، نوید بھٹی ، عتیق بھٹی ودیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میاں محمودالرشید نے منگل سے پنجاب کے مختلف شہروں کے نشیبی علاقوں کے دورے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کو ممکنہ سیلاب سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرینگے، اس مہم میں پی ٹی آئی کی مقامی تنظمیں بھی معاونت کرینگی اور کارکن ریلیف کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے اس بار زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کی ہے اور پہلے سے زیادہ سیلاب کا خدشہ ہے لیکن نہایت افسوس کی بات ہے کہ حکومت پنجاب نے ماضی کی روایت برقرار رکھتے اس سال بھی سیلاب سے بچنے کیلئے کوئی حفاظتی اقدامات نہیں اٹھائے اور بجائے اس کے کہ سیلاب کے کم سے کم نقصان کی حکمت عملی طے کی جاتی لیکن خادم اعلیٰ کی اس پر کوئی توجہ نہیں وہ صرف سیلاب کا انتظار کر رہے ہیں کہ بعد میں وہ لمبے بوٹ پہن کر فوٹو شوٹ کرائیں۔

متعلقہ عنوان :