Live Updates

کرپشن اور جھوٹ حکمرانوں کی پہچان بن چکے ، حکمرانوں نے قرضے لینے کے ریکارڈ قائم کر کے پوری قوم کو مقروض بنادیا ‘ ولید اقبال

حکمرانوں کی کرپشن کے خلاف تحریک انصاف 20 سال سے فرسودہ نظام ، آئین و قانون کی بالادستی اور عوام کے حقوق کی جدوجہد کر رہی ہے

ہفتہ 23 جولائی 2016 19:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 جولائی ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی پولیٹکل کمیٹی کے ممبر ولید اقبال نے کہا ہے کہ کرپشن اور جھوٹ حکمرانوں کی پہچان بن چکے ہیں، حکمرانوں نے قرضے لینے کے ریکارڈ قائم کر کے پوری قوم کو مقروض بنادیا ہے، قوم غریب اور حکمران امیر ہوتے جارہے ہیں، ملک مسائل کی دلدل میں دھنستا جار ہا ہے جبکہ درباری سب اچھا کا جھوٹا راگ الاپ رہے ہیں۔

گزشتہ روز اپنے دفتر میں یوتھ ونگ لاہو ر کے صدر عثمان حمزہ اور جنرل سیکرٹری وقاص اسلم کی قیادت میں ملاقات کے لیے آنے والے وفد میں شامل توقیر شاہ، ذیشان جٹ، عبید شاہ ، عادل خان ، سجاد کمانڈو، اویس شاہ ودیگر سے گفتگو کرتے ہوئے ولید اقبال نے کہا کہ پنامہ لیکس کے معاملے پر تاخیر ی حربے استعمال کر رہے ہیں اور قوم کا دھیان غیراہم ایشوز پر لگانے کی ناکا م کوشش کر رہے ہیں ،یہ جتنے مرضی تاخیری حربے استعمال کر لیں اور جتنا مرضی جھوٹ بول لیں انہیں اپنی کی گئی کرپشن اورلوٹی گئی دولت بیرون ملک منتقل کرنے کا حساب دینا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنامہ لیکس کی شفاف انکوائری کے لیے اپوزیشن جماعتیں متحد ہے ، حکمرانوں کی کرپشن کے خلاف تحریک انصاف 20 سال سے فرسودہ نظام ، آئین و قانون کی بالادستی اور عوام کے حقوق کی جدوجہد کر رہی ہے، ملک میں شفاف انتخابی عمل اور طاقتور کو آئین کے طابع لانا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے، پنامہ لیکس پر جس دن شفاف انکوائری ہوئی توکرپٹ حکمرانوں کا مقد رایوان اقتدار نہیں بلکہ جیل ہوگا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات