Live Updates

عوام عمران خان کی کال پر ماضی سے بڑی تعداد میں باہر نکلیں گے، تحریک منطقی انجام تک پہنچے گی‘عبدالعلیم خان

25برسوں میں 34ارب روپے کے قرضے معاف کرانے والوں کا احتساب ہونا چاہیے ‘ رہنما پی ٹی آئی کا کارکنوں سے خطاب

ہفتہ 23 جولائی 2016 19:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جولائی ۔2016ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ حکمران خاطر جمع رکھیں اس مرتبہ عمران خان کی کال پر عوام ماضی سے بھی زیادہ بڑی تعداد میں باہر نکلیں گے اور 7اگست سے شروع ہونے والی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ۔عبدالعلیم خان نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے سولو فلائٹ نہیں کی بلاول بھٹو زرداری عمران خان کی حمایت کا اعلان کر چکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں ٹائمنگ سب سے اہم چیز ہے اور عمران خان کا احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ انتہائی بروقت اور عوامی اُمنگوں کے عین مطابق ہے ۔ماضی کی طرح زندہ دلان لاہور لانگ مارچ اور شٹ ڈاؤن کی یاد تازہ کریں گے اور لاہوریوں کو جو بھی ٹاسک دیا گیا اسے بھرپور طریقے سے پورا کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹ میں پیش ہونے والے حقائق انتہائی چشم کشا ہیں اور گذشتہ 25برسوں میں معاف ہونے والے 34ارب روپے کے قرضوں کا حساب ہونا چاہیے۔

قومی دولت واپس خزانے میں آنی چاہیے عوام ایک ایک پائی کا حساب مانگتے ہیں اور اس میں کسی کو کوئی بھی استثنیٰ حاصل نہیں ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکمران احتساب سے فرار اختیار نہ کریں انہیں عوام کے سامنے جوابدہ ہونا ہو گا قرضے معاف کرانے والے کسی بھی سیاسی جماعت سے ہوں انہیں دائرہ احتساب میں لانا ہو گا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے کارکنوں سے کہا کہ وہ 7اگست کے احتجاج کی تیاری کریں اور اپنے اپنے علاقوں میں عوامی رابطہ مہم کا فوری طور پر آغاز کر دیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات