حکومت پنجاب ڈینگی کے خلاف بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے‘مدثر ریاض ملک ا یڈیشنل سیکرٹری ویلفیئر

ڈینگی ڈے کا مقصد ملازمین میں ڈینگی کے خلاف آگاہی اور شعور پیدا کرنا ہے ‘ چوہدری غلام غوث جنرل سیکرٹری

ہفتہ 23 جولائی 2016 18:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 جولائی ۔2016ء) چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کی خصوصی ہدایت پر سیکرٹریٹ میں ڈینگی ڈے منایا گیا اس موقع پر خصوصی واک کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں مدثر ریاض ملک ایڈیشنل سیکرٹری ویلفیئر نے چیف سیکرٹری پنجاب اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کی نمائندگی کی - اس موقع پر نواز خالد عاربی ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ ، اکرام اﷲ نیازی ایڈیشنل سیکرٹری ریگولیشن، حسین بہادر علی ،عمران اکرم چوہان ڈپٹی سیکرٹریز سمیت دیگر افسران و ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی - واک کا آغاز پریس سیکرٹری عبدالکریم اعوان نے تلاوت کلام پاک سے کیا - شرکائے واک سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری ویلفیئر مدثر ریاض ملک نے کہا کہ حکومت پنجاب نے جس طرح سے ترجیحی بنیادوں پر ڈینگی کے خلاف اقدامات کئے ہیں اور عوام میں جس طرح سے شعور و آگہی کی مہم شروع کی ہے اس کا نتیجہ ہے کہ اﷲ کے فضل و کرم سے ڈینگی کا خاتمہ ہو رہا ہے اور لوگوں میں جو خوف و ہراس تھا اس میں کمی واقع ہو گئی ہے - عوام صفائی اور نفاست کواپنائیں ، اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں تاکہ ڈینگی جیسے موذی مرض سے مکمل نجات مل سکے-انہوں نے کہا کہ خصوصی طور پر ڈینگی کی افزائش سے پہلے جو حفاظتی اقدامات ہیں ان کو اپنانے کی ضرورت ناگزیر ہو چکی ہے - اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری غلام غوث جنرل سیکرٹری ایسوسی ایشن نے کہا کہ ہمارا مذہب ہمیں درس دیتا ہے کہ’’ صفائی نصف ایمان ہے‘‘ لہذا صفائی کو اپنانے سے ہم ان موذی بیماریوں سے یقیناًبچ سکتے ہیں - انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہمارا یہ پیغام جانا چاہیے کہ ’’صا ف ستھرا سیکرٹریٹ ، صاف ستھرا پنجاب‘‘ سیکرٹریٹ کو آج ہم نے جس طرح صاف کیا ہے ، سپرے کیا ہے، اسی طرح ہمیں اپنے دفاتر اور گھروں میں بھی تمام ملازمین کو صفائی کا خاص خیال رکھنا چاہیے اور اپنے ارد گرد کے ماحول پر نظر رکھنی چاہیے - آخر میں ملک و قوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی -