ریلویز میں ٹریک ایکسس سسٹم کے تحت آئندہ دو سال کیلئے سی پیک سمیت آپریشنل نظام کی استعدادِ کار کی پالیسی مرتب کی جائے‘ خواجہ سعد رفیق

محکمے کی بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی صرف وہی پراجیکٹ پرائیویٹ کمپنیوں کو دیئے جائیں جن میں براہ راست کمائی نہیں کی جا سکتی‘ اجلاس سے خطاب

ہفتہ 23 جولائی 2016 18:14

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر ریلویزخواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویزمیں ٹریک ایکسس سسٹم کے تحت آئندہ دو سال کیلئے ایسی پالیسی مرتب کی جائے جس میں سی پیک منصوبے سمیت ریلوے کے آپریشنل نظام کی استعدادِ کار کوملحوظ رکھا جائے، جو بھی پلان مرتب کیاجائے اس میں ریلوے کی بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی صرف وہی پراجیکٹ پرائیویٹ کمپنیوں کو دیئے جائیں جن میں ریلوے براہ راست کمائی نہیں کرسکتی۔

ان خیالات کا اظہاروزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ہیڈکوارٹر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک مقصودالنبی کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو ٹریک ایکسس سسٹم کے حوالے سے رپورٹ مرتب کرے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چیئرپرسن ریلویز مسز پروین آغا، چیف ایگزیکٹوآفیسر محمد جاوید انور، مشیر ریلویزانجم پرویز، ممبر فنانس غلام مصطفی، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک مقصودالنبی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے اپنی زمینوں کو استعمال میں لاکر آمدن کا بہترین ذریعہ بناسکتا ہے۔ ریلوے اسٹیشن لاہور کی طرح دوسرے بڑے شہروں کے ریلوے اسٹیشنوں پر پارکنگ کے نظام میں بھی بہتری لائی جائے اور کنٹریکٹ کی مدّت کم سے کم 3سال اور زیادہ سے زیادہ 5سال ہونی چاہیے۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے اسٹیشنوں پر وینڈنگ سٹالز کیلئے مزید ٹھیکے نہ دیئے جائیں بلکہ جو سٹال پہلے سے سسٹم میں موجود ہیں، ان کی خوبصورتی اور معیارکو مزیدبہتربنایا جائے تاکہ مسافروں کو دورانِ سفر سستی اور معیاری اشیاء میسر آسکیں۔

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آئندہ دو سالوں( 2016-17اور2017-18) کی آمدنی کے اہداف تیار کیے جائیں تاکہ مستقبل قریب میں پاکستان ریلویز کو مزید بہتر اور فعال ادارہ بنایاجاسکے۔ مزید برآں پراکس، ریل کاپ اور ریڈیمکو کو وزیر ریلوے نے بڑے شہروں میں ریلوے اسٹیشنوں کے باہرجگہوں پرغیراستعمال شدہ ریلوے بوگیوں پر مشتمل کیفے ٹیریا کے ماڈل متعارف کروانے سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کیلئے ہدایات جاری کیں تاکہ عوام میں ریلوے کے امیج میں مزید بہتری ہو اوروہ ریل سے سفر کو زیادہ سے زیادہ ترجیح دینے کے ساتھ ساتھ محکمہ میں آمدنی کااضافی ذریعہ بھی بن سکیں۔