حکومت نے ورلڈ ہیریٹیج کنونشن میں حق میں آنیوالے فیصلے کی دستاویزات کے حصول کیلئے سفارتی سطح پر کاوشیں شروع کردیں

ترکی میں بغاوت کے باعث ادھورا رہ جانیوالا یونیسکو کا کنونشن اب تین ماہ بعد اکتوبر میں پیرس میں مکمل ہونا ہے‘ذرائع

ہفتہ 23 جولائی 2016 17:56

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جولائی ۔2016ء) پنجاب حکومت نے شالیمار باغ کے سامنے میٹرو ٹرین منصوبے پر روکے گئے تعمیراتی کام کا دوبارہ آغاز کرنے کیلئے یونیسکو کے ادھورے رہ جانے والے ورلڈ ہیریٹیج کنونشن میں حق میں آنے والے فیصلے کی تحریری دستاویزات کے حصول کیلئے سفارتی سطح پر کاوشیں شروع کردیں ،ترکی میں بغاوت کے باعث ادھورا رہ جانے والا یونیسکو کا کنونشن اب شیڈول کے مطابق تین ماہ بعد اکتوبر میں پیرس میں مکمل ہونا ہے جسکے اختتام پر تمام فیصلوں کا تحریری اعلامیہ جاری ہوگا ۔

یونیسکو کا 40واں ورلڈ ہیریٹیج کنونشن 10سے 20جولائی تک استنبول میں شیڈول تھا جس میں یونیسکو کی طرف سے میٹرو ٹرین منصوبے سے شالیمار باغ کے ورثے کو نقصان پہنچنے کا معاملہ بھی اس کاحصہ تھا۔

(جاری ہے)

کنونشن کی کارروائی میں 21ممالک کی جیوری میں سے 13نے میٹرو ٹرین منصوبے کے معاملے میں پنجاب حکومت کی طرف سے شامل وفد کے دلائل کے بعد حق میں فیصلہ دیدیا تاہم ترکی میں 14اور 15جولائی کی درمیانی شب ہونے والی بغاوت کے باعث مذکورہ کنونشن کو موخر کر دیا گیا اور تحریری فیصلہ جاری نہ ہو سکا۔

ذرائع کے مطابق ورلڈ ہیریٹیج کا مذکورہ کنونشن اب اکتوبر میں پیرس میں شیڈول ہے جسکے اختتام پر تمام تحریری فیصلے جاری کر کے متعلقہ ممالک کے حوالے کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق کنونشن کی تکمیل میں تین ماہ کا وقت ہونے کے باعث حکومت پنجاب نے استنبول میں ہونے والے کنونشن میں حق میں آنے والے فیصلے کی نقل حاصل کرنے کیلئے سفارتی سطح پر کوششوں کا آغاز کردیا ہے تاکہ شالیمار باغ کے سامنے منصوبے پر روکے گئے کام پر دوبارہ آغاز کرنے کیلئے قانونی بنیاد میسر آ سکے ۔