وزیر خزانہ اسحاق ڈار نجی دورے پر دبئی پہنچ گئے ، آصف زرداری سے ملاقات کی خبریں گردش کرتی رہیں

ملاقات کا کوئی امکان نہیں ، پی پی رہنما لطیف کھوسہ/اسحاق ڈار آج دبئی سے وطن واپس پہنچ جائینگے ،وزارت خزانہ کا اعلامیہ

ہفتہ 23 جولائی 2016 17:50

اسلام آباد/دبئی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جولائی ۔2016ء)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نجی دورے پر دبئی پہنچ گئے جسکے بعد اسحاق ڈار اور آصف زرداری میں ملاقات کی خبریں گردش کرتی رہیں تاہم پیپلز پارٹی نے ان خبروں کو رد کر دیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ملک میں جاری سیاسی کشمکش میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما ووفاقی وزیر اسحاق ڈار کی دبئی روانگی کو حکومت پیپلز پارٹی مفاہمت کے تناظر میں دیکھا جارہا تھا اور یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ اسحاق ڈار دبئی میں آصف زرداری سے ملاقات کریں گے ۔

تاہم پیپلز پارٹی کے مرکزی سردارلطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ دبئی میں آصف علی زرداری اور اسحاق ڈار میں کوئی ملاقات نہیں ہونے جارہی ۔ علاوہ ازیں وزارت خزانہ کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کراچی میں اسٹیٹ بینک کے اجلاس میں شرکت کے فوری دبئی ذاتی دورے پر دبئی روانہ ہو گئے اور وہ آج ہفتہ کو دبئی سے وطن واپس پہنچ جائیں گے۔