گزشتہ3سالوں کے دوران حلقہ پی کے 39میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے گئے ہیں، امتیاز شاہد قریشی

ہفتہ 23 جولائی 2016 16:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جولائی ۔2016ء)خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور امتیاز شاہد قریشی نے کہا ہے کہ گزشتہ3سالوں کے دوران حلقہ پی کے 39میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے گئے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی اور انشاء الله اپنی آئینی مدت پوری ہونے تک عوام سے کئے گئے تمام وعدے ایفا کرکے علاقے کی تقدیر بد ل دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں لوگوں کے جملہ مسائل کا مکمل ادراک ہے اور وہ علاقے کی ہمہ گیر ترقی کے لئے پوری طرح متحر ک ہیں۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے شاہ پورکوہاٹ میں حاجی محبوب کی رہائش گاہ پر ایک بڑے شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس میں محمد نواب،لعل محمد، قاضی عبدالقیوم،محبوب خان اور نظام خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت کاباقاعدہ اعلان کرتے ہوئے وزیر قانون کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیااور علاقے کی ترقی وخوشحالی کے ان کی خدمات کو سراہا۔

(جاری ہے)

اجتماع میں دوسروں کے علاوہ تحصیل ناظم لاچی محمد اشفاق قریشی ،سینئر نائب صدر پی ٹی آئی کوہاٹ ڈاکٹر عظمت ،پارٹی ورکرزاور عمائدین علاقہ کی کثیر تعدادبھی موجود تھی۔وزیر قانون نے اس موقع پر شاہ پور یونین کونسل میں گرلز کے لئے پی ٹی آئی کی حکومت کی متعارف کردہ ماڈل سیکنڈری سکول (چھٹی تابارہویں) کے قیام کا اعلان بھی کیا ۔ اجتماع سے خطا ب کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ پارٹی سربراہ عمران خان کی وژن کے مطابق پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کرپشن و کمیشن کے خاتمے اور میرٹ کی بالادستی کیلئے کوشاں ہے اوراس مقصد کے لئے ریکارڈ قانون سازی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقے کی ہمہ گیر ترقی کے لئے انہیں وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی مکمل سرپرستی اور حمایت حاصل ہے۔وزیر قانون نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور منصوبوں کی کڑی نگرانی کے لئے ہر علاقے کے مشران اور منتخب نمائندوں پر مشتمل نگران کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔انہو ں نے حلفاً کہا کہ آج تک خود یا کسی کے ذریعے کرپشن کی ہے اور نہ ہی کسی کو بالائے میرٹ ٹھیکہ دیا ہے کوئی ان پر ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کر سکتا ۔

امتیاز شاہد نے مخالفین پر زو ر دیا کہ وہ تنقید برائے تنقید کی بجائے تنقید برائے اصلا ح کریں۔پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہتر کارکردگی کی بنیاد پر لوگ پی ٹی آئی میں جوق درجوق شامل ہورہے ہیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ نئے شامل ہونے والوں کو پارٹی میں جائز مقام دیا جائے گا اور علاقے کی ترقی کے لئے ان کو مشاورتی عمل میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے شاہ پور میں نوجوانوں کو صحتمندانہ ماحول فراہم کرنے کے لئے سپورٹس گراؤنڈ تعمیر کرنے کا وعدہ بھی کیا۔ اجتماع سے چےئرمین نواب،خان محمد، محمد آمین اور قاری نعمت الله نے بھی خطاب کیااورعلاقے کے مسائل کو اجاگرکیا۔