پنجاب حکومت سندھ پولیس کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سروسز بلامعاوضہ فراہم کرے گی

ہفتہ 23 جولائی 2016 16:22

راولپنڈی۔23 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 جولائی۔2016ء)پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سندھ حکومت کو پولیس کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سافٹ ویئر فراہم کرے گا۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے مطابق چیف سیکرٹری سندھ محمد صدیق میمن نے ایک مراسلے میں پنجاب پولیس کے زیراستعمال ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم ‘ کمپلینٹ سسٹم‘ پولیس سٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم‘ ڈی آئی جی آپریشنز سسٹم اور کریمنل ریکارڈ آفس سسٹم کے سافٹ ویئر کے حصول کی درخواست کی ہے ۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں چیئرمین پی آئی ٹی بی ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ وز یراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی ہدایت پر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پنجاب پولیس سندھ حکومت سے مکمل تعاون کرے گی۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب پولیس سافٹ ویئر کی کامیابی پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تمام شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے معاونت ہمارا فرض ہے۔ حکومت پنجاب سندھ پولیس کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سروسز بلامعاوضہ فراہم کرے گی۔ ڈاکٹر عمرسیف نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر حجاج کرام کی سہولت کے لئے حج مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم بھی تیار کیا جا چکا ہے۔