دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے موٴثر اور منظم جدوجہد کی ضرورت ہے ‘ پاکستان علماء کونسل

ہفتہ 23 جولائی 2016 15:12

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جولائی ۔2016ء) دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے موٴثر اور منظم جدوجہد کی ضرورت ہے ،انتہاپسندی اور دہشتگردی کسی ایک مذہب کا نہیں بلکہ عالمی مسئلہ بن چکا ہے ،فرانس ،جرمنی میں بے گناہ انسانوں کا قتل عام قابل مذمت اور بربریت ہے۔یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے دبئی روانگی سے قبل لاہور ایئرپورٹ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان علماء کونسل کا روز اول سے موٴقف رہا ہے کہ دہشتگردامن اور انسانیت کے دشمن ہیں ۔ان کو کسی مسلک اور مذہب سے منسلک نہیں کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ کسی مذہب کے ماننے والوں جیسانام رکھ کر کوئی اس مذہب کا نمائندہ نہیں بن جاتا ۔

(جاری ہے)

دہشتگردوں نے حرم مسجد نبوی پر حملہ کرنے کی کوشش کی ان کا کو نسا مذہب تھا ۔ دہشتگرد انسانیت اور امن کے دشمن ہیں اور امن پسند قوتوں کو دہشتگردوں کیخلاف متحد ہونا ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ داعش اور حزب اللہ جیسی تنظیمیں اسلام کی نمائندہ نہیں ہیں ۔شام ،عراق میں دہشتگرد اور انتہاپسندتنظیمیں بغیر کسی مسلک و مذہب کی تفریق کے انسانیت کا قتل عام کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات روز روشن کی طرح واضح ہے کہ جب تک شام ،عراق ،فلسطین ،کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا دنیا میں حقیقی طور پر امن قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے میونخ پولیس چیف کے اس بیان کو سراہا جس میں انہوں نے میونخ جرمنی میں ہونے والی دہشتگردی کا مسلمانوں اور اسلام سے تعلق یکسر مسترد کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے اسی طرح کے اقدامات کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :