پاکستان فتح اللہ گولن کے تمام ادارے بند کرے، ترکی

گولن کے تحت چلائے جانے والے اداروں کی پاکستان میں موجودگی کے حوالے سے ترک حکومت پاکستانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے، تر ک سفیر

ہفتہ 23 جولائی 2016 12:06

پاکستان فتح اللہ گولن کے تمام ادارے بند کرے، ترکی

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 جولائی۔2016ء) ترکی نے توقع ظاہر کی ہے کہ پاکستان امریکا میں خود ساختہ جلاوطنی کاٹنے والے ترک مبلغ فتح اللہ گولن کے تحت چلائے جانے والے تمام اداروں کو بند کرے گا۔ترک حکام نے حال ہی میں ہونے والی فوجی بغاوت کی ناکام کوشش کے پیچھے فتح اللہ گولن کا ہاتھ قرار دیا ہے۔ترک سفیر صادق بابر نے ترکی میں ہونے والی پیش رفت پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے تمام دوست ممالک سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے ممالک میں گولن گروپ کی سرگرمیوں کو روکیں۔

انہوں نے کہا کہ ترک حکومت کے پاس اس بات کے ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ فوجی بغاوت کی ناکام کوشش کے پیچھے گولن تحریک تھی۔واضح رہے کہ پاکستان میں گولن کے زیر انتظام 21 اسکولز،ایک رومی فورم اور ایک انٹیلیکچوئل اینڈ انٹر کلچرل ڈائیلاگ پلیٹ فارم چلایا جارہا ہے جبکہ وہ کئی کاروبار میں بھی شراکت دار ہیں۔

(جاری ہے)

فتح اللہ گولن کی تنظیمیں اور کاروبار پاکستان میں کئی دہائیوں سے سرگرم ہیں۔

ترک سفیر نے کہا کہ گولن کے تحت چلائے جانے والے اداروں کی پاکستان میں موجودگی کے حوالے سے ترک حکومت پاکستانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں ہمارے اچھے تعلقات ہیں۔ایک ذریعے نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی حکومت نے گولن سے وابستہ اداروں کے خلاف انتظامی کارروائی کیلئے آپشنز پر غور شروع کردیا ہے۔صادق بابر نے کہا کہ ترک حکومت امریکا سے بھی مطالبہ کررہی ہے کہ وہ فتح اللہ گولن کو ہمارے حوالے کرے اور اس حوالے سے امریکا کی جانب سے مانگے گئے ثبوت فراہم کردیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ امریکا اس معاملے پر غور کرے گا۔

متعلقہ عنوان :