نارووال،تین روز سے بجلی کی بندش کیخلاف اہل علاقہ کا مرغا بن کر احتجاج

ہفتہ 23 جولائی 2016 11:48

نارووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 جولائی ۔2016ء) نارووال میں تین روز سے مسلسل بجلی کی بندش کے خلاف اہل علاقہ نے مرغا بن کر اور سڑک پر ٹائر جلا کر شدید احتجاج کیا اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ گزشتہ تین روز سے ٹرانسفارمر جل جانے کے باعث محلہ جواد کالونی محلہ لوہاروں اور محلہ ہجویر نگر کے لوگ بجلی کی فراہمی نہ ہونے پر سخت پریشان تھے۔

احتجاجی مظاہرین کہ مطابق واپڈا حکام کو ٹرانسفارمر تبدیل کرنے کے لیے متعدد بار درخواستیں دی مگر واپڈا کے کانوں جوں تک نہ رینگی۔

(جاری ہے)

تین روز مسلسل بجلی بند رہنے پر اہل علاقہ نے واپڈا کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے سرکلر روڈ پر ٹائروں کو آگ لگا کر نارووال سے لاہور ، گوجرانوالہ ، سیالکوٹ اور دیگر شہروں کو جانے والی ٹریفک بلاک کر دی۔ مشتعل مظاہرین نے ٹریفک میں پھنسی ایمبولینس کو راستہ بھی نہ دیا۔

اہل علاقہ نے واپڈا ملازمین پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے پیسے جمع کرکے 30 ہزار واپڈا اہلکاروں کو دیے ہیں مگر اس کے باوجود بجلی کی فراہمی نہیں ہوئی۔ مشتعل مظاہرین نے واپڈا کے خلاف کان پکڑ کر اور شدید نعرے بازی کر کے احتجاج کیا۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی پہنچ گئی مگر مظاہرین اور پولیس کے درمیان مذاکرات کامیاب نہ ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :