سیاسی رہنماؤں،کاروباری برادری نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کو تاریخی فتح قرار دیدیا

الیکشن میں کامیابی (ن) لیگ کی عوامی خدمت ، کشمیر پا لیسیو ں کا ثمرہے جسکو جموں و کشمیر کی عوام نے بھی ووٹ کے ذریعے سراہا ہے، عوام نے بہتان تراشی کی سیاست کو بری طرح مسترد کر دیا،آزاد کشمیر اور ملک بھر میں پھیلے ووٹرزنے ن لیگ پر اعتماد کر کے باشعور شہری ہونے کا ثبوت دیاہے ، ارکان صوبائی اسمبلی سید زعیم حسین قادری، مولانا غیاث الدین،رانا عبدالمنان، تاجر رہنماؤں عرفان اقبال شیخ،تنویر احمد صوفی ،خواجہ شاہ زیب اکرم و دیگر کی ”اے پی پی“ سے گفتگو

جمعہ 22 جولائی 2016 22:36

لاہور۔22 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 جولائی ۔2016ء ) سیاسی رہنماؤں،کاروباری برادری نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کو تاریخی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن میں کامیابی (ن) لیگ کی عوامی خدمت ، کشمیر پا لیسیو ں کا ثمرہے جسکو جموں و کشمیر کی عوام نے بھی ووٹ کے ذریعے سراہا ہے۔

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن صوبائی اسمبلی سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے الیکشن میں عوام نے بہتان تراشی کی سیاست کو بری طرح مسترد کر دیا اورآزاد کشمیرسمیت ملک بھر میں پھیلے ووٹرزنے مسلم لیگ ن پر اعتماد کر کے باشعور شہری ہونے کا ثبوت دیا ،انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے ترقی امن اور روشنی والی جماعت مسلم لیگ ن کے حق میں ایک بار پھر فیصلہ سنا دیا ہے اور کنٹینر و دھرنا سیاست والے ٹولے کو نشان عبرت بنا دیا ہے ،انہوں نے کہا کہ عوام کے ہر دلعزیز لیڈر محمد نواز شریف کو نشانہ بنانے اور انکی بیماری کا تمسخر اڑانے پر عمران خان اور بلاول زرداری کوعوام کی طرف سے بھرپور جواب مل گیا ہے ،رکن صوبائی اسمبلی مولانا غیاث الدین نے کہا کہ عوام باشعور ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ ملک کا امن بحال کرنے ، کراچی کی روشنیاں واپس لانے اور آنے والی نسلوں کے بہترمستقبل کے لئے پاک چائنہ اقتصادی راہداری کا منصوبہ شروع کرنے والے لیڈر محمد نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کرنا بے حد ضروری ہیں ،آزاد کشمیر کی الیکشن مہم میں وزیر اعظم نواز شریف کو ٹارگٹ بنا کر ان پر دن رات تنقید کرنے اور جھوٹے الزامات لگانے والوں کو عوام نے مسترد کر دیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر الیکشن میں بھی ثابت ہو گیا ہے کہ عوام انتشار اور دھرنا سیاست سے تنگ آچکے ہیں اورعمران خان سمیت دوسری تمام پارٹیوں کے ایجنڈے کو مستر د کرتے ہیں اور مسلم لیگ(ن) کی کامیاب پالیسیوں کی بدولت وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتمادکا اظہار کرتے ہیں۔رکن صوبائی اسمبلی رانا عبدالمنان نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن ،کنٹونمنٹ بورڈ،ضمنی الیکشن ہارنے والے جو تبدیلی کا نعرہ لیکر نکلے تھے اب ان کی پارٹی سوشل میڈیا سے بھی ختم ہو چکی ہے۔

پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) کے چیئر مین عرفان اقبال شیخ نے کہاکہ آزاد کشمیر الیکشن میں حکومت کی اکثریت سے کامیابی نے 2013ء کے انتخابات کے نتائج کی توثیق کر دی ہے،کشمیری عوام اور بزنس کمیونٹی نے بھی منفی احتجاج او ر دھرنے کی سیا ست کو یکسر مسترد کر دیا ہے، سینئر وائس چیئر مین پیاف تنویر احمد صوفی نے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن میں کامیابی ان کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے جسکو جموں و کشمیر کی عوام نے ووٹ کے ذریعے سراہا ہے۔

وائس چیئر مین پیاف خواجہ شاہ زیب اکرم نے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن میں پاکستان میں منعقدہ عام انتخابات 2013کے نتائج کی توثیق کی گئی ہے اور اس سے احتجاجی جماعتوں اور ان کی تحریکوں کی بھی کمر ٹوٹ گئی ہے جو موجودہ حکومت اور اس کی پالیسیوں کے خلاف پھر سے ناکام احتجاج شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی عوام بالخصوص بزنس کمیونٹی نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کے خلاف کردار کشی کی اس مہم کو بھی مسترد کر دیا ہے جو احتجاجی عناصر نے پچھلے چند ماہ سے شروع کر رکھی ہے،شاہ زیب اکرم نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ملک میں مختلف جماعتوں کی طرف سے کاروبا ردشمن سرگرمیوں کو پھر سے شروع کرنے کی حوصلہ شکنی کرتی ہے اور ان عناصر کو حکومت کے ساتھ ملکر دوبارہ ناکام بنائے گی، ملکی معیشت کی ترقی کیلئے حکومت کی کامیاب پالیسیوں کا تسلسل از حد ضروری ہے۔