فوج اور دیگر اداروں کی نگرانی میں آزاد کشمیر میں پْر امن اور شفاف الیکشن ہوئے ، آزاد کشمیر کے عوام نے مجید حکومت کی کرپشن اور بد عنوانی کے خلاف فیصلہ دیا ہے

وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی کا آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج پر ردعمل

جمعہ 22 جولائی 2016 21:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جولائی ۔2016ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ فوج اور دیگر اداروں کی نگرانی میں آزاد کشمیر میں پْر امن اور شفاف الیکشن ہوئے جبکہ آزاد کشمیر کے عوام نے مجید حکومت کی کرپشن اور بد عنوانی کے خلاف فیصلہ دیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اپنے ایک بیان میں آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج پر اپنے ردعمل میں ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کاش بلاول مجید حکومت کی بد عنوانی اور کرپشن کی بہت پہلے اصلاح کر لیتے تو شائد اتنی عبرتناک شکست کا سامنا کرنے سے بچ جاتے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے نواز شریف کے ترقی اور خوشحالی کے پروگرام کو ووٹ دیا اور دھرنوں کی شوقین تحریک انصاف کو حرف غلط کی طرح مٹا دیا۔ڈاکٹر آصف کرمانی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف میں نہ انصاف ہے اور نہ ہی کوئی تحریک بچی ہے۔ پاکستان کے عوام دھرنوں کی منفی سیاست کو مسترد کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاول اور عمران 2018ء تک انتظار اور اپنی اداؤں پر غور کریں۔ معاون خصوصی وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ن لیگ نواز شریف کی قیادت میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر 2018 کا الیکشن بھی انشاء اﷲ جیتے گی۔