کشمیر ی عوام نے خدمت ، امانت، دیانت اور شفافیت کی سیاست پر مہرتصدیق ثبت کی ہے‘محمد شہبازشریف

آزاد کشمیر کے عوام نے ووٹ کی طاقت سے الزام تراشی اور کرپشن کی سیاست کے بت پاش پاش کر دیئے ہیں اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم اور کشمیری عوام کی محبت کے باعث آزاد کشمیر الیکشن میں ریکارڈ مینڈیٹ ملا ہے ‘وزیراعلیٰ پنجاب

جمعہ 22 جولائی 2016 19:00

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جولائی ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم اور کشمیری عوام کی محبت کے باعث پاکستان مسلم لیگ (ن) کو آزاد کشمیر الیکشن میں ریکارڈ مینڈیٹ ملا ہے۔ آزاد کشمیر کے عوام کے مشکور ہیں جنہوں نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر ی عوام نے بے لوث خدمت ، امانت، دیانت اور شفافیت کی سیاست پر مہرتصدیق ثبت کی ہے اور ووٹ کی طاقت سے انتشار، الزام تراشی، منفی اور کرپشن کی سیاست کے بت پاش پاش کر دیئے ہیں۔ اربوں روپے کے قرضے ہڑپ کرنے اور سوئس بینکوں میں رقم رکھنے والوں کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیئے اور اپنی منفی سیاست کو ہمیشہ کیلئے ترک کر دینا چاہیئے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی خدمت ہی مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور ہے اور آنے والے وقتوں میں عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔