کشمیر میں موجود سیاسی ،مذہبی جماعتوں کو متحد ہوکرکشمیر کے مسئلہ کے حل کیلئے لائحہ عمل بنانا چاہئے‘حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

آزاد کشمیر کے الیکشن نے ثابت کیا کہ الزام تراشی سے عوام متأثر نہیں ہوئے،عوامی رابطہ اور خدمت خلق ہی سیاسی جماعتوں کی اصل قوت ہوتی ہے

جمعہ 22 جولائی 2016 18:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جولائی ۔2016ء ) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدرحافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ کشمیری عوام نے میاں نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، کشمیر میں موجود سیاسی ،مذہبی جماعتوں کو متحد ہوکرکشمیر کے مسئلہ کے حل کیلئے لائحہ عمل بنانا چاہئے، کشمیر میں مذہبی قوتوں کو نشستیں نہ ملنا لمحہ فکریہ ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر کے الیکشن نے ثابت کیا کہ الزام تراشی سے عوام متأثر نہیں ہوئے۔عوامی رابطہ اور خدمت خلق ہی سیاسی جماعتوں کی اصل قوت ہوتی ہے۔کشمیر کی عوام نے پانامہ لیکس ، مودی کا یار جیسے نعروں کے باوجود مسلم لیگ (ن)کو کامیاب کروایا ہے لہٰذا اب باقی سیاسی و مذہبی جماعتوں کو مسلم لیگ (ن)کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے جدوجہد کرنی چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان شاء اﷲ پاکستان علماء کونسل آئندہ الیکشن میں اپنا بھر کرداراداکرے گی۔کشمیر کے الیکشن میں مذہبی جماعتوں کو نشستیں نہ ملنا ہمارے مؤقف کی تائید ہیکہ مذہبی قوتوں کو عوام الناس کے مسائل کے حل کی طرف توجہ دینی چاہئے اور محراب ومنبر کو مرکزی بنانا چاہئے۔انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے سربراہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف اور ان کے ساتھیوں کو آزاد کشمیر الیکشن میں بھر پور کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم امید کرتے ہین وفاقی اور آزاد کشمیر کی حکومت کشمیر کے مسئلہ کے حل کیلئے ہر ممکن کردار اداکریگی۔

متعلقہ عنوان :