نہتے کشمیریوں کا قتل عام ،بھارتی وزیر اعظم کیخلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

مقبوضہ کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے، وہاں کے عوام بھی پاکستان کے شہری ہیں نریندر مودی کی کاروائی جنگی جرائم کی زد میں آتی ہے‘ درخواست گزار کاموقف

جمعہ 22 جولائی 2016 18:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جولائی ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کا قتل عام کرنے پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔لاہورہائیکورٹ میں مقامی وکیل رانا عبد الحمید خان کی طرف سے دائر کردہ پٹشن میں حکومت پنجاب آئی جی پولیس سی سی پی او لاہور اور ایس ایچ او پرانی انارکلی کو فریق بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم ڈھاتے ہوئے ان کا قتل عام کررہے ہیں۔مقبوضہ کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے، وہاں کے عوام بھی پاکستان کے شہری ہیں نریندر مودی کی یہ کاروائی جنگی جرائم کی زد میں آتی ہے ،ان کا یہ اقدام بین الاقوامی معاہدوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔رانا عبد الحمید نے درخواست میں کہا کہ نریندر مودی ایک بین الاقوامی دہشت گرد ہے، اس کی تاریخ سنگین جرائم سے بھری پڑی ہے۔عدالت نریندر مودی کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور ٹرائل کرکے سزا دینے کا حکم جاری کرے۔درخواست کی سماعت آئندہ ہفتے کو متوقع ہے۔