آزاد کشمیر میں انتخابات مکمل شفاف اور فوج کی نگرانی میں ہوئے ، دو تہائی اکثریت سے جیت مسلم لیگ (ن) کی بڑی کامیابی ہے ، عوام نے پیپلز پارٹی کی 5 سالا کار کردگی کو مسترد کیا ،پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں کچھ ڈیلیور کرتی تو آج اتنے برے طریقے سے نہ ہارتی

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف کی پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو

جمعہ 22 جولائی 2016 17:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں انتخابات مکمل شفاف اور فوج کی نگرانی میں ہوئے ہیں ، دو تہائی اکثریت سے جیت مسلم لیگ (ن) کی بڑی کامیابی ہے ۔ عوام نے پیپلز پارٹی کی 5 سالا کار کردگی کو مسترد کیا ہے ، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں کچھ ڈیلیور کرتی تو آج اتنے برے طریقے سے نہ ہارتی۔

وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ، انہون نے کہا کہ کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نہیں پیپلز پارٹی کی حکومت تھی ۔ آزاد کشمیر میں انتخابات مکمل طور پر شفاف اور فوج کی نگرانی میں ہوئے ہیں ، ععوام نے مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں پر ایک مرتبہ پھر اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر میں کلین سویپ کرنا مسلم لیگ (ن) کی بڑی کامیابی ہے ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) 2013 کے عام انتخابات سے لے کر اب تک ہونے والے ضمنی ، بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کر رہی ہے ۔ 2018 کے انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کریں گے ۔ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی 5 سالا کارکردگی کو عوام نے مسترد کیا ہے ، اگر پیپلز پارٹی کچھ ڈیلیور کرتی تو آج اتنے برے طریوے سے نہ ہارتی ۔ انہون نے کہا کہ کامیابی پر کشمیری عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔

عمران خان کی طرف سے مبارکباد دینا اچھی روایت ہے، یہ ہی سیاست کا کلچر ہونا چاہیے۔ جیت گئے تو ٹھیک ، ہار گئے تو دھاندلی کی روایات اب ختم ہونا چاہیے ۔ عوامی فیصلے کو تسلیم کیا جانا چاہیے ۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ کراچی مین جب تک امن نہیں ہوتا رینجرز موجود رہے گی ، غیرت کے نام پر قتل کی اسلام میں اجازت نہیں ، اس سلسلے میں قانون سازی کی جا رہی ہے ۔