عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا نوٹس لے،وزیراعظم

جمعہ 22 جولائی 2016 15:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جولائی ۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں اور مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کیمطابق حل ہونا چاہیے،مشکل کی اس گھڑی میں کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور کشمیریوں کی اخلاقی،سفارتی حمایت جاری رکھیں گے،بھارت کا مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال کو اندرونی معاملہ قراردینا غلط ہے،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم عالمی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔

جمعہ کو وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف،ڈی جی آئی ایس آئی،پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اللہ،چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار،وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف،مشیر خارجہ سرتاج عزیز،وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویزرشید،وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم قابل مذمت ہیں ۔مشکل کی اس گھڑی میں کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کیمطابق حل ہونا چاہیے۔وزیراعظم نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام برہان وانی کی شہادت کیخلاف پر امن احتجاج کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی مظالم انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے،کوئی بھی مذہب،معاشرہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دیتا اور بھارت کا مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال کو اندرونی معاملہ قراردینا غلط ہے،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم عالمی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کی آزادی کیلئے جدوجہد نسل درنسل جاری رہے گی کیونکہ کشمیریوں نے اپنی آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں،بھارت کشمیریوں کی آواز دبا کر مقبوضہ کشمیر پر تسلط جائز قرار نہیں دے سکتا۔

مسئلہ کشمیر کا حل صرف سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر جلد عمل در آمد ہے ۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن حکمت نہیں ہے ۔ اقوام متحدہ کی نگرانی میں شفاف ا ستصواب رائے ہونا چاہیے ۔ نواز شریف نے کہا کہ بھارتی فورسز مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہی ہیں ۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مسلح افواج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں ، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی ۔

اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کی سفارتی کوششوں سے اور افغانستان کے ساتھ پیدا ہونے والے سرحدی تنازع اور حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا ۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملکی داخلی و سلامتی سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی اور آپر یشن ضرب عضب کی کامیابیوں اور کراچی آپریشن پر تفصیلی بات چیت کی گئی ،اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔