یورپی یونین مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ظلم و تشددبند کرانے کیلئے مداخلت کرے ‘رکن یورپی پارلیمنٹ

جمعہ 22 جولائی 2016 12:48

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جولائی ۔2016ء) یورپی پارلیمنٹ کے رکن ڈاکٹرسجاد کریم نے یورپی کمیشن سے مطالبہ کیاہے کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے نہتے کشمیریوں کا قتل عام اور ان پر بدترین ظلم و تشدد بند کرانے کیلئے اقدامات کرے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ اور سیکورٹی امور کی اعلیٰ نمائندہ مس فدریکا موغرینی کو لکھے گئے خط میں مقبوضہ کشمیرمیں بڑھتے ہوئے ظلم وتشددخاص طورپر بھارتی فورسزکی طرف سے گزشتہ دوہفتے کے دوران 49کشمیریوں کے قتل اورپر امن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال پر شدیدتشویش ظاہرکی گئی ۔

خط میں ان سے نہتے کشمیریوں کو ظلم و تشددبند کرانے کیلئے یورپی کمیشن سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیابھی کیاگیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے فدریکا موغرینی سے کہاکہ وہ بھارت کواس سلسلے میں اپنی تشویش سے آگاہ کریں اور ظلم و تشدد کا سلسلہ فوری طور پر بند کرنے پر زوردیں۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال خصوصا براہ راست فائرنگ ، پیلٹ گن اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال ناقابل قبول ہے۔

ڈاکٹرسجادکریم نے مسئلہ کشمیرکے پرامن حل پرزوردیتے ہوئے کہاکہ جب تک دیرینہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کر لیا جاتا خطے میں پائیدار امن وسلامتی کا قیام ممکن نہیں۔ رکن یورپی پارلیمنٹ نے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ سے مطالبہ کیاکہ یورپی کمیشن کشمیرمیں تشددکے خاتمے کے لیے ضروری مداخلت کرے۔