آزاد کشمیر کے انتخابات،سیاسی جماعتوں کے دلچسپ ہیش ٹیگ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بنے رہے

جمعرات 21 جولائی 2016 22:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جولائی ۔2016ء ) آزاد کشمیر میں انتخابات کے دوران سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ بنے رہے۔جمعرات کو آزاد کشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات ہوئے جس کے باعث پاکستان میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی آزاد کشمیر کے انتخابات چھائے رہے اور لوگوں نے اپنی اپنی سیاسی جماعتوں سے محبت کا اظہار کیا۔

مسلم لیگ (ن) کے چاہنے والوں نے ہر جگہ بس شیر کے نام سے ہیش ٹیگ بنایا جو ٹاپ ٹرینڈ میں شامل رہا جب کہ پیپلزپارٹی کے لیے ووٹ فار تیر اور تحریک انصاف کے لیے جیتے گا جنون کے نام سے ہیش ٹیگ بھی سرفہرست رہے۔ٹوئٹر پر عمران شاہین نے مسلم لیگ (ن) کو سپورٹ کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ان انتخابات میں ہمیشہ کے لیے تاریخ بن جائے گی۔

(جاری ہے)

صادی نامی اکاونٹ نے ایک ویڈیو جاری کی جس میں بہت سے شیر روڈ پر چل رہے ہیں جب کہ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت آزاد کشمیر میں بھی یہی حال ہے۔

ملک منیر کھوکھر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کا رونا دھونا شروع ہوگیا ہے۔موزخ شیخ کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج کے بعد تمام ٹی وی چینلز پر پی پی اور پی ٹی آئی کے رونے کی آوازیں آئیں گی۔رفیع اﷲ قیصرانی نے عمران خان کا پوسٹر شیئر کی جس میں بدل دو کشمیر لکھا ہوا تھا۔احتشام سعید نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ انشااﷲ آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کے لیے رزلٹ اچھا ہوگا۔

عمران اسد بھٹی نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ میں آپ کو بتادوں کہ ہر جگہ تو شیر ہے لیکن جیتے گا جنون ہی۔ماجد آغا نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں آر او پیپلزپارٹی کے امیدوار کو اندر جانے نہیں دے رہی کیوں کہ ناکام لیگ دھاندلی میں مصروف ہے۔علی وقاص نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ گلو لیگ کا پولنگ ایجنٹ جعلی بیلٹ پیپرز کے ساتھ دھاندلی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔

متعلقہ عنوان :