Live Updates

کشمیری عوام جسے ووٹ دیں گے وہ ہمارے لیے قابل قبول ہو گا ،پرویز رشید

وزیراعظم کی صحت پہلے کے مقابلے میں بہت بہتر ہے،قومی سکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں امن و امان کی صورتحال پر گفتگو ہو گی، عمران خان آزادی کے مہینے میں یلغار کی سیاست کرنا چاہتے ہیں، صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 21 جولائی 2016 20:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جولائی ۔2016ء ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ کشمیری عوام جسے ووٹ دیں گے وہ ہمارے لیے قابل قبول ہو گا ،وزیراعظم کی صحت پہلے کے مقابلے میں بہت بہتر ہے،قومی سکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں امن و امان کی صورتحال پر گفتگو ہو گی، عمران خان آزادی کے مہینے میں یلغار کی سیاست کرنا چاہتے ہیں۔

جمعرات کو ممتاز براڈ کاسٹر آغاز ناصر مرحوم کی یاد میں منعقدہ ریفرنس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے کشمیری عوام جو فیصلہ کرینگے ہمیں قبول ہو گا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی صحت پہلے کے مقابلے میں بہت بہتر ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم بیماری کے دوران بھی سرکاری ذمہ داریاں ادا کرتے رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جمعہ کو ہونیوالے قومی سکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں امن و امان کی صورتحال پر گفتگو ہو گی ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت پاکستان نے کشمیر کے مسئلے کو دنیا بھر میں بہتر طریقے سے اجاگر کیا پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا ۔عمران خان کی طرف سے حکومت کیخلاف 7 اگست سے تحریک چلانے سے متعلق سوال کے جواب میں وزیراطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے کشمیریوں سے یکجہتی کے دن حکومت کے خلاف تحریک کا اعلان کیا، عمران خان آزادی کے مہینے میں یلغار کی سیاست کرنا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ترجیحات آج تک واضح نہیں ہو سکیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کے لیے تمام سیاسی جماعتوں نے ملکر فیصلے کیے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :