مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف سری لنکا میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے احتجاج

مظاہرین نے ہزاروں افراد کے دستخطوں پر مشتمل یاداشت اقوام متحدہ کو پیش کی مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمدکو یقینی بنایا جائے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کی جائیں،مظاہرین کا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ

جمعرات 21 جولائی 2016 18:44

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جولائی ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف سری لنکا میں بھی احتجاج کیا گیا ،مظاہرین دارالحکومت کولمبو میں اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر جمع ہوئے اور ہزاروں افراد کے دستخطوں پر مشتمل ایک یاداشت پیش کی جس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمدکو یقینی بنایا جائے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کی جائیں۔

غیر ملکی میڈیاکے مطابق جمعرات کو سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں اقوام متحدہ کی عمارت کے باہر 100سے زائد افراد جمع ہوئے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ظلم وستم کے خلاف احتجاج کیا۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے اقوام متحدہ سے بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے کشمیر میں جاری تشدد اور ہلاکتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں8جولائی سے ابتک 50کے قریب افرادمارے جاچکے ہیں۔

مظاہرین کا کہنا تھاکہ بھارتی فوج کے تشدد کے باعث 3500سے زائد شہریوں میں سے زیادہ ترپیلٹ گنز کی وجہ سے اپنی بینائی کھو چکے ہیں ۔مظاہرین نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پرزور دیا کہ وہ کشمیر کے مسئلیکے پرامن حل کیلئے سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلے کو حل کریں۔مظاہرین نے ہزاروں افراد کی دستخط کردہ ایک یاداشت بھی اقوام متحدہ کے دفتر کے حوالے کی جس میں اقوام متحدہ پرکشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے کردارادا کرنے پر زور دیاگیا ہے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 8 جولائی کو حزب المجاہدین کے 22 سالہ کمانڈر کو بھارتی فوج نے ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران شہید کردیا تھا جس کے بعد کشمیر بھر میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جبکہ بھارتی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں 50کے قریب کشمیری شہید اور بڑی تعداد میں زخمی ہوچکے ہیں۔