مقبوضہ کشمیر‘مسلسل تیرہویں روز بھی مسلسل کرفیو جاری

جمعرات 21 جولائی 2016 14:14

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جولائی ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے وادی کشمیر میں لوگوں کو مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسزکے ہاتھوں حالیہ قتل عام کے خلاف لوگوں کو احتجاجی مظاہرے کرنے سے روکنے کیلئے جمعرات کو مسلسل تیرہویں روز بھی سخت کرفیو نافذ کررکھا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق انتظامیہ نے8جولائی کوبھارتی فوجیوں کے ہاتھوں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ماورائے عدالت قتل کے بعدسے مقبوضہ علاقے میں کرفیو نافذ کررکھا ہے۔

برہان وانی کی شہادت کے بعد بھارتی فوج اور پولیس نے احتجاجی مظاہرین پر فائرنگ، پیلٹ گن اور آنسو گیس کا بے تحاشہ استعمال کرکے اب تک 49افراد کو شہید اور 3000سے زائد کو زخمی کردیا ہے۔قابض انتظامیہ نے حریت رہنماؤں کوقتل عام کے خلاف احتجاجی مظاہرین کی قیادت سے روکنے کے لیے انہیں گھروں اور جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظربند کررکھا ہے۔

(جاری ہے)

تقریباًگزشتہ دو ہفتوں سے وادی کشمیر میں مسلسل کرفیو نافذ رہنے سے علاقے میں خوراک اور ادویات سمیت اشیائے ضروریہ کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

قابض انتظامیہ کی طرف سے ذرائع ابلاغ پر پابندی کے سبب جمعرات کو مسلسل پانچویں روز بھی اخبارات شائع نہیں ہوسکے جبکہ علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل فون کی سروس بھی مسلسل معطل ہے۔

متعلقہ عنوان :