چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی طرف سے پولیس کو ڈی ایس پی کیخلاف کشمیری نوجوان کے قتل کا مقدمہ درج کرنے کی ہدایت

جمعرات 21 جولائی 2016 14:14

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جولائی ۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سرینگر نے پولیس کو ڈی ایس پی کے ہاتھوں ایک کشمیری نوجوان کے قتل کامقدمہ درج کر نے اور مقدمہ کی تحقیقات شروع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ٹینگہ پورہ کے رہائشی 26سالہ شبیر احمد میر کو ڈی ایس پی اور اسکے ساتھیوں نے دس جولائی اسکے گھر میں گھس کر گولیاں مار کر شہید کردیا تھا ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں نوجوان کے والد عبدالرحمن میر کی طرف سے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سرینگر کی عدالت میں دائر ایک عرضداشت کی سماعت کے دوران عدالت کے جج مسرت شاہین نے ایس ایس پی سرینگر کو ڈی ایس پی اور اسکے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور تحقیقات شروع کرنے کی ہدایت کی ۔ نوجوان کے والد کے مطابق انہوں نے ایس ایچ او بٹہ مالو سے بیٹے کے قتل کی ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست کی تھی لیکن پولیس نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا تھا ،جس کے بعد انہوں نے سی جے ایم سرینگرکی عدالت میں ایک درخواست دائر کی تھی۔ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ نے حکم دیا کہ اس مقدمہ کی تحقیقات کسی اعلیٰ افسر سے کرائی جائے جو ڈی ایس پی سے کم عہدے کا نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :