مقبوضہ کشمیر میں حالات بہت مخدوش ہیں جو برہان وانی کی شہادت کے بعد اور بھی کشیدہ ہو گئے ہیں،میرواعظ عمرفاروق

جمعرات 21 جولائی 2016 14:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جولائی ۔2016ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات بہت مخدوش ہیں جو برہان وانی کی شہادت کے بعد اور بھی کشیدہ ہو گئے ہیں، پاکستان ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کے تمام انسانی، مذہبی اور سیاسی حقوق سلب کر لیے ہوئے ہیں اسلیے آج جو صورت حال یہاں مقبوضہ وادی میں ہے اور جتنے مظالم نہتے کشمیریوں پر کیے جا رہے ہیں اب بھی اگر عالمی ضمیر نہیں جاگتا تو یہ بدقسمتی ہو گی، انہوں نے کہا کہ جیسا کہ گذشتہ روز پاکستان میں بھی یوم سیاہ منایا گیا اور یہاں مقبوضہ وادی میں بھی یوم سیاہ منایا گیا، کشمیری عوام عالمی برادری سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ یہاں بھارت کے ظلم و جبر کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق دلایا جائے، پوری دنیا کو یہ دیکھنا چاہیے کہ کس طرح بھارت نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے اور انسانی حقوق کی سرا سر خلاف ورزیوں میں مصروف ہے، ایک سوال کے جواب میں میر واعظ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہا ہے اور یہ ایک المیہ ہے کہ عالمی برادری بھی ابھی تک اس حوالے سے خاموش بیٹھی ہے، ہم توقع رکھتے ہیں کہ اقوام متحدہ ہو، یورپی یونین ہو یا پھر او آئی سی ہو سب کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آواز تو بلند کرنی چاہیے کیونکہ بھارت مقبوضہ وادی میں روز بروز مالم میں اضافہ کرتا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ یہاں بھارت کے کالے قوانین کا بھی جائزہ لے جس کی وجہ سے سینکڑوں کشمییری نوجوانوں کو اندھا کر دیا گیا ہے، اوراگر یہ کالے قوانین نہ ہوتے تو شاید آج اتنی کشمیریوں کو اندھا نہ کیا جاتا، یہاں پر بھارتی افواج کو کھلی چھوٹ ہے وہ جب چاہیں جس پر چاہیں گولی چلا سکتے ہیں، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا ارو ایجنسیوں کی یہ پوری کوشش ہے کہ کشمیری قیادت اور نوجوانوں میں ایک خلا پیدا کر دیا جائے تاکہ تحریک کو دبایا جا سکے لیکن ہم پر عزم ہیں کہ بھارت کو اسکے ان ناپاک عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور کشمیر کی آزادی تک یہ تحرک جاری و ساری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :