پورے آزاد کشمیر میں پرامن پولنگ جاری ہے، انتظامات آزاد کشمیرانتظامیہ، پولیس، محکمہ مال، الیکشن کمیشن اور افواج پاکستان کی کوششوں کا نتیجہ ہیں

چیف الیکشن کمشنر جسٹس غلام مصطفیٰ مغل کی راولا کوٹ کے نواحی بوائز مڈل سکول چہڑ کے دورہ کے موقع پر گفتگو

جمعرات 21 جولائی 2016 13:54

راولاکوٹ ۔ 21 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 جولائی۔2016ء) چیف الیکشن کمشنر جسٹس غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ پورے آزاد کشمیر میں بلا روک ٹوک اور پرامن طریقہ سے پولنگ کا عمل جاری ہے، منفرد انتظامات آزاد کشمیرانتظامیہ، پولیس، محکمہ مال، الیکشن کمیشن اور افواج پاکستان کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولا کوٹ کے نواحی بوائز مڈل سکول چہڑ کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سلطان سکندر راجہ، کمشنر پونچھ ڈویژن محمد ظفر خان، ڈپٹی کمشنر راولا کوٹ سہیل اعظم اورآراو راولا کوٹ سید وسیم احمد گیلانی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پورے آزاد کشمیر کے سیکیورٹی انتظامات کی تعریف کی جارہی ہے، حساس ترین پولنگ سٹیشن پر6 فوجی اہلکار پولیس کے علاوہ تعینات ہیں جبکہ ایف سی اور رینجرز کا عملہ بھی معاونت کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کہیں پربھی پولنگ کے عمل کے آغاز میں غیر ضروری تاخیر کی کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں اور بلا روک ٹوک پولنگ کا عمل جاری ہے ، پہاڑی علاقوں سے آنے والے ووٹرز کو سیاسی دباؤ سے بچانے کیلئے کوششیں کی گئی ہیں اور ان ووٹرزکو پولیس کی سیکیورٹی میں متعلقہ پولنگ سٹیشن پر لے جایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر انتظامیہ، محکمہ مال، الیکشن کمیشن کا عملہ اور سول و آرمڈ فورسز اور افواج پاکستان کی کوششیں قابل تحسین ہیں، فوجی افسران خود بھی پولنگ عمل کی نگرانی کررہے ہیں اور ضابطہ اخلاق پرعمل کرا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج کیلئے سیکرٹری الیکشن کمیشن کی ٹیم اور کمشنرکی سطح پر قائم کئے گئے ہیں جبکہ افواج پاکستان نے اپنے طور پر ایکشن کیمپس قائم کررکھا ہے ، میڈیا بالغ نظری کا مظاہرہ کرے اورغیر ضروری اورغیرمتعلقہ اطلاعات نشر کرنے سے گریز کرے ۔ پولنگ کا عمل پانچ بجے مکمل ہوگا جبکہ پانچ بجے تک پولنگ سٹیشن میں پہنچ جانے والے ووٹرز اپنا ووٹ ڈال سکیں گے تاہم وقت میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔