Live Updates

تحریک انصاف نے7اگست سے ملک گیر تحریک کا اعلان کردیا

تحریک کا آغاز25جولائی کو نیب دفترکے باہرنیب کیخلاف احتجاج سے کرینگے،اپوزیشن کے ٹی اوآرز کی روشنی میں کمیشن بنا دیا جائے تو تحریک روک دینگے،نواز شریف نے ملک کے چار قانون توڑے ہیں اس لیے احتساب سے ڈرتے ہیں،کرپشن ملک کیلئے کینسر ہے ہر صورت ختم کرنا ہوگی۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 20 جولائی 2016 18:14

تحریک انصاف نے7اگست سے ملک گیر تحریک کا اعلان کردیا

لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20جولائی2016ء) :پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کرپشن کے خلاف7اگست سے ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک کا آغاز 25جولائی کو نیب کے خلاف نیب دفتر کے باہر احتجاج سے کرینگے،اپوزیشن کے ٹی اوآرز کی روشنی میں کمیشن بنا دیا جائے تو تحریک روک دینگے،نواز شریف نے ملک کے چار قانون توڑے ہیں اس لیے ڈرتے ہیں،کرپشن ملک کیلئے کینسر ہے ہر صورت ختم کرنا ہوگی۔

انہوں نے آج یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 25جولائی کو نیب کے خلاف احتجاج کرینگے۔نیب کو چاہیے تھا کہ وزیراعظم اور خاندان کو ایکشن لینا چاہیے تھا۔اس کے بعد پارٹی کو متحرک کرکے 7اگست کو باقاعدہ تحریک شروع کرینگے۔دھرنا بھی ہوگا لیکن تحریک کے آغاز میں عوام کو متحرک کرینگے اور نواز شریف کی کرپشن سے آگاہ کرینگے۔

(جاری ہے)

کیونکہ کرپشن کی وجہ غربت بڑھ رہی ہے،بے روز گاری بڑھ رہی ہے اور کرپشن کی وجہ سے سرمایہ کاری نہیں آرہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ 1999ء میں مارشل لاء اس لیے لگا کہ عوام نواز شریف کے ساتھ نہیں تھے۔بلکہ عوام نے مارشل لاء کو روکنے کی بجائے مٹھائیاں بانٹیں۔لیکن ترکی میں لوگوں نے بغاوت کو روکا۔کیونکہ اردوان نے عوام کے مسائل حل کیے،ملک کے قرضے ختم کردیے۔اسی طرح نواز شریف جب جلاوطنی ختم کرکے سعودی عرب سے واپس آئے تو کتنے لوگ سڑکوں پر نکلے تھے؟انہوں نے کہا کہ میں 20سال حقیقی جمہوریت کیلئے جدوجہد کے بعد یہاں تک پہنچا ہوں۔

اگر ملک میں مارشل لاء لگتا ہے تو سب سے زیادہ نقصان تحریک انصاف کا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہماری 30لاکھ ممبر شپ ہے۔ہم نے حکومت مخالف موومنٹ کیلئے اپنے ممبران سے فنڈز اکٹھے کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔یہ موومنٹ اب رکنے والی نہیں ہے بلکہ تبدیلی کے ساتھ آگے بڑھتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے جو ٹی اوآرز دیے ہیں اس پر مجھے کوئی خوف نہیں ہے تو نواز شریف کو کیوں خوف ہے۔

اپوزیشن کے ٹی اوآرز کی روشنی میں کمیشن بنا دیا جائے تو تحریک روک دینگے۔ملک میں حقیقی جمہوریت لانے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ نیب کے خلاف اس لیے بھی احتجاج کررہے ہیں کہ اسحاق ڈار کو نیب نے جس طرح بری کیا ہے اس پر بھی احتجاج کرینگے۔اسحاق ڈار کی کرپشن سے متعلق بی بی سی کی ڈاکیومنٹری موجود ہے۔اگر ملک میں اس طرح کا نیب ہے تو اس کو بند کر دینا چاہیے کیونکہ اس نیب کی وجہ سے کرپشن رکنے کی بجائے بڑھ رہی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات