وزیراعظم ملکی اندرونی معاملات سے بے خبر ، خارجہ پالیسی ناکام ۔جہانگیر ترین

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 19 جولائی 2016 20:16

لاہور(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی19 جولائی ۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے کہاہے کہ وزیراعظم اور اس کے مشیرِخاص ملک کے اندرونی معاملات سے بے خبر تو ہیں ہی قومی المیہ ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کودرپیش مسائل سے بھی چشم پوشی اختیار کئے ہوئے ہیں جوکہ پاکستان کے لئے دہشتگردی کی جاری لہر سے بھی زیادہ خطرناک پہلو ہے، کشمیر ایشو سمیت متعدد بین الاقوامی ایشوز پر موجود ہ حکمرانوں کی خارجہ پالیسی نہ ہونے کے برابر ہے ،2013 ء کے عام انتخابات سے اقتدار حاصل کرنے والی سیاسی پارٹی کے وزیراعظم اور اس کی کابینہ مال بنانے کے چکر میں اتنی مصروف ہے کہ ملک کے اندرونی معاملات وہ لوگ چلارہے ہیں جو "شاہ" سے زیادہ خطرناک ہوتے ہیں،موجودہ حکمرانوں کی تین سالہ طرزحکمرانی نے 20 کروڑ عوام کو یہ صلہ دیا ہے کہ آج 10 کروڑ عوام اندھیروں میں زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں، بھوک ، افلاس ، بے روزگاری ، لاقانونیت نے پوری قوم کو ذہنی مریض بنا کر رکھ دیا ہے ۔

(جاری ہے)

جہانگیر خان ترین نے کہاہے کہ میاں نوازشریف کو چاہئے کہ وہ وزیرخارجہ تعینات کرکے اپنی پوزیشن واضح کریں کہ وہ وزیراعظم ہیں ؟ انہوں نے کہاہے کہ سڑکیں ، پل اور دیگر ترقیاتی کام انتہائی ضروری ہیں مگر اس سے زیادہ ضروری تعلیمی اور صحت پر اصلاحات نافذکرنا حکمران طبقہ ایسے پروجیکٹ جن کا تعلق براہ راست عوام سے ہے اسے عملی جامہ پہنانے سے کیوں گریزاں ہیں ، وطن عزیز زرعی ملک ہے مگر گذشتہ تین سالوں سے زراعت کے حوالے سے کوئی بھی پالیسی ترتیب نہیں دی گئی ، یہ وہ بنیادی ایشو ہیں جنہیں حل کئے بغیر پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن نہیں ہوسکتا، میاں نوازشریف قوم کو بتائیں کہ وہ کونسی ترقی ہے جس سے پاکستان کو توانائی بحران سے نجات مل سکے ۔