بچوں کے حقوق کیلئے حکومت پنجاب اور یونیسف باہمی تعاون اور فنی اشتراک بڑھانے پررضامند

حکومت صوبے میں بچوں کے حقوق کو تحفظ دینے کے سلسلے میں عالمی اداروں کی جانب سے وضع کردہ تمام قانونی اور اخلاقی ذمہ داریوں پر پورا اترنے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کارلا رہی ہے ‘ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احم خواجہ

پیر 18 جولائی 2016 22:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جولائی ۔2016ء ) یونیسف پنجاب کے سربراہ ڈگلس جی ہگنزاور یونیسف پنجاب کے چیف پی ایم اینڈ ای نعمان غنی نے سول سیکرٹریٹ لاہو ر میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ سے خیر سگالی ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سوشل ویلفیئر پنجاب ہارون رفیق اور ڈائریکٹر جنرل چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب فاطمہ شیخ بھی ملاقات کے دوران موجود تھیں- ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ نے یونیسف پنجاب کے سربراہ کو بتایا کہ حکومت پنجاب صوبے میں بچوں کے حقوق کو تحفظ دینے کے سلسلے میں عالمی اداروں کی جانب سے وضع کردہ تمام قانونی اور اخلاقی ذمہ داریوں پر پورا اترنے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کارلا رہی ہے -وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے عین مطابق پنجاب میں بچوں کے حقوق کی پاسداری،لاوار ث بچوں کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھنے اور حالات کے ستائے ہوئے معصوم بچوں کو تحفظ دینے کے لئے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب کو فعال بنانے اوربچوں سے جبری مشقت لینے کا سلسلہ ختم کرنے کے حوالے سے محکمہ لیبر پنجاب کی کامیاب کاوشوں کے علاوہ خاتون محتسب پنجاب، بیت المال اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کے اداروں کے ساتھ ساتھ محکمہ سماجی بہبود کے تحت کام کرنے والے اداروں’’ گہوارہ ‘‘ اور’’ کاشانہ ‘‘ میں بے آسرابچوں کوپناہ دینے اوران کی تعلیم و تربیت کا بہترین انتظام موجود ہے -حکومت پنجاب اس حوالے سے اقوام متحدہ کے ادارے’’یونیسف ‘‘ کی جانب سے مالی اور فنی اشتراک کا خیر مقدم کرے گی-یونیسف پنجاب کے سربراہ ڈگلس جی ہیگنزنے اس موقع پر سینیٹ آف پاکستان میں نیشنل کمیشن آن چلڈرن رائٹس کے قیام کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ صوبائی سطح پر بھی بچوں کے حقوق کو تحفظ دینے کے حوالے سے کام کرنے والے سرکاری اور نجی شعبے کے تمام اداروں کو ایک’’ امبریلا‘‘ کے نیچے لانے اور چائلڈ پروٹیکشن کا ایک کامن سسٹم وضع کرنے کے لئے ٹھوس کام کیا جائے گا-انہوں نے پیش کش کی کہ یونیسف اس معاملے میں تمام تر فنی اشتراک اور مالی معاونت کے لئے تیار ہے -انہوں نے محکمہ پلاننگ اینڈڈویلپمنٹ پنجاب کے سوشل سیکٹرمیں مختلف صوبائی محکموں کے بچوں کے حقوق سے متعلق پراجیکٹس میں اشتراک عمل کے لئے قائم کئے گئے چائلڈ پروٹیکشن سیل کی بحالی اورکوآرڈینیشن کمیٹی کے ذریعے باہمی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کا بھی یقین دلایا -ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ یونیسف کے وفد کو بتایا کہ پنجاب میں چائلڈ رائٹس کمیشن کے قیام کے لئے کمیشن کے خدوخال کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جبکہ پنجاب کے ہر ڈویثرن میں بچوں کے حقوق کی مانیٹرنگ کے لئے چائلڈ پروٹیکشن کمیٹیوں کے توسط سے معاشرے میں بچوں کے حقوق ادا کرنے کا شعور بیدار کرنے لئے منظم کوششیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں -اسی طرح ضلعی سطح پر چائلڈ پروٹیکشن یونٹس کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لئے ریفرل سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے جبکہ کسی بھی بچے کو مشکل حالات میں دیکھ کر بچوں کو تحفظ فراہم کرنے والے سرکاری اداروں کو فوری اطلاع دینے کے لئے عوام الناس ہیلپ لائن 1121 بلامعاوضہ استعمال کر سکتے ہیں -انہوں نے بچوں کی عریاں عکسبندی(پورنو گرافی)،گھریلو تشدد ،بدقماش لوگوں کی جانب سے جنسی تشدد اور سوتیلے والدین یا دیگر غیر ذمہ دار سرپرستوں کی جانب سے بچوں کو بری طرح نظر انداز کئے جانے کے نتیجے میں گھر سے بچوں کے بھاگنے کا رجحان ختم کرنے اور جرائم کے مرتب سزا یافتہ بچوں کو جیلوں میں بہتر ماحول فراہم کرنے کے سلسلے میں موجودہ قوانین کو مزید موثر بنانے کے سلسلے میں حکومت پنجاب کے ٹھوس اقدامات سے بھی مہمان وفد کو آگاہ کیا -ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ نے اس موقع پر یونیسف پنجاب کے سربراہ ڈگلس جی ہیگنز کو یاد گاری شیلڈ بھی پیش کی-

متعلقہ عنوان :