ملک میں معاشی استحکام لائے بغیر ترقی یافتہ قومو ں کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا ‘مربوط حکمت عملی کے تحت تاجر برادری کو ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں ‘ گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کی وفد سے گفتگو

پیر 18 جولائی 2016 22:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جولائی ۔2016ء) گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام لائے بغیر ترقی یافتہ قومو ں کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا یہی وجہ ہے کہ ملک کی قیادت کی تمام تر توجہ معیشت کی بہتری اور ترقی پر مبذول ہے ،ایک مربوط حکمت عملی کے تحت تاجر برادری کو ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں میں تیز ی آئے ، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں اور عام آدمی کے معیار زندگی میں اضافہ ہو سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے24 رکنی وفد سے گفت گو کے دوران کیا جنہو ں نے چیمبر کے صدر مختار مرزا کی قیادت میں ان سے ملاقا ت کی۔وفد میں عامر عطا باجوہ،شیخ احسان الہٰی اور شفیق الرحمان شامل تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہاکہ حالیہ بجٹ میں تاجروں کے لیے ریکارڈ مراعات کے اعلان کا مقصد بھی تاجروں کو درپیش مسائل حل کرنا اور انہیں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ترغیب دینا ہے۔

انہو ں نے کہا کہ صنعت کو توانائی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ صنعتی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں تعلیم ، صحت اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے شروع کیے جانے والے بڑے بڑے منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان مزید مضبوط ہو کر اْبھر ے گا اور اس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں گے-گورنر پنجاب نے کہا کہ اگر ہم نے پاکستان کو آگے کی طرف لے کر جانا ہے تو ہمیں صنعتی سرگرمیوں کومزید بڑھانا ہو گا۔

انہو ں نے کہا کہ نجی فیکٹریاں اور صنعتیں عام آدمی کو روزگار فراہم کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے کیونکہ جب صنعت کا پہیہ چلتا ہے تو مزدور کے گھر کا چولہا جلتا ہے۔انہو ں نے کہا کہ حکومت کو تاجروں کے مسائل کا مکمل ادراک ہے اور اس کے حل کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ فیکٹریوں کی چمنیوں سے دھواں نکلتا رہے اور غریب آدمی کی زندگی رواں دواں رہے۔

گورنر پنجاب نے سرگودھا انڈسٹریل سٹیٹ کو تمام ضروری مراعات دینے کی یقین دہانی کرائی جبکہ سرگودھا چیمبر آف کامرس کی عمارت کے لیے جگہ کی فراہمی کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہو ں نے کہا کہ وہ تمام چیمبر ز کے عہدیداروں سے ذاتی طور پر ملاقات کرتے ہیں تاکہ ان کے مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔وفد کے سربراہ نے گورنر پنجاب کوبتایا کہ حکومت کی طرف سے صنعتوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے فیصلے کے بعد صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے اور روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ حکومت کی تاجر دوست پالیسیوں کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں جس پر وہ حکومت کی پوری معاشی ٹیم کے مشکور ہیں۔