قومی سلامتی جمہوریت ،پارلیمانی نظام ،فیڈریشن کی حفاظت ریاست کانظام آئین کے مطابق چلانے سے ہی ممکن ہے‘لیاقت بلوچ

جمہوریت اور پارلیمانی نظام کو ہمیشہ غیر سیاسی،غیر جمہوری اور شخصی و آمرانہ اسلوب حکومت نے نقصان پہنچایا ہے‘سیکرٹری جنر ل جماعت اسلامی

پیر 18 جولائی 2016 21:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جولائی ۔2016ء ) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ قومی سلامتی جمہوریت ،پارلیمانی نظام ،فیڈریشن کی حفاظت ریاست کانظام آئین کے مطابق چلانے سے ہی ممکن ہے،آئین سے ماروا ء ا قد امات سے فوج اور جمہور دونوں مشکلات کا شکار ہوجاتے ہیں،فوج کی آمد پر مٹھائیاں بٹتی ہیں خوشیاں اور شادیانے ضرور بجتے ہیں لیکن قوم بھی بٹ جاتی ہے اور طویل مدت کے غم اور محرومیاں لے لیتی ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ جمہوریت اور پارلیمانی نظام کو ہمیشہ غیر سیاسی،غیر جمہوری اور شخصی و آمرانہ اسلوب حکومت نے نقصان پہنچایا ہے۔عوام مسائل کا حل چاہتے ہیں۔غریب اور نوجوان عزت کی روٹی روزی کی تلاش میں ہیں۔

(جاری ہے)

بجلی اور گیس بحران نے عوام کی زندگی مشکل تر بنا دی ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری مر د و خواتین اور نوجوان قربانیاں دے رہے ہیں۔

بھارتی ناجائز قابض افواج نے مظالم کی انتہا کردی ہے لیکن پاکستان میں شیرازہ بکھرا ہوا ہے۔کشمیریوں کو مثبت پیغام دینے کی ضرورت ہے۔19جولائی کو تحریک حریت کشمیر اور دفاع پاکستان کونسل کا لاہور سے اسلام آباد کشمیر کارواں نیا ولولہ اور جذبہ پیدا کرے گااور 24جولائی کو روالپنڈی سے انڈین سفارتخانہ تک یکجہتی کشمیر مارچ پوری دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑے گا۔ترکی کے عوام نے عالم اسلام کو جرات اور بہادری کی نئی امنگ اور زندگی دی ہے ۔